۔ 25واں قومی یوتھ فیسٹیول | مودی کی مقامی اشیا استعمال کرنے کی اپیل

تاریخ    13 جنوری 2022 (00 : 01 AM)   


یو این آئی
نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندستان کی وسیع نوجوان آبادی اور جمہوری اقدار کو ملک کی سب سے بڑی طاقت بتاتے ہوئے نوجوان نسل پرزور دیا کہ وہ ملک میں تیارکردہ دیسی اشیا خرید نے کوترجیح دیں۔ مسٹر مودی نے بیٹے و بیٹی کے درمیان مساوات پر بولتے ہوئے کہا کہ بیٹیوں کی شادی کی کم ازکم عمر بڑھانے کا فیصلہ انہیں یکساںمواقع فراہم کرنے کے مقصد سے کیا گیا ہے ۔  مسٹر مودی کلپڈوچیری میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے سوامی وویکانند کے یوم پیدائش پر 25ویں قومی یوتھ فیسٹیول کا افتتاح کر رہے تھے ۔ سوامی جی کے یوم پیدائش کو قومی‘ یوم نوجوان’ کے طور پر منایا جاتا ہے ۔ یہ تقریب دو دنوں تک جاری رہے گی۔اس موقع پر وزیر اعظم نے ملک بھر سے آن لائن جڑی نوجوان نسل سے '‘ووکل فار لوکل’ ہونے ، ہندستان میں بنے سامانوں اور ہندوستان کی مٹی سے مہکنے والی اشیا خریدنے اوراپنی خواہش سے طرز زندگی میں تبدیلی لانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ آپ ملک میں بنی چیزیں خریدیں کیوں کہ روزگاراسی سے پیدا ہونے والا ہے ، اس سے ملک کے غریبوں کو عزت ملے گی۔ہم جانتے ہیں کہ بیٹے اور بیٹیاں ایک جیسے ہوتے ہیں۔ اسی سوچ کے ساتھ لڑکیوں کی بہتری کے لیے حکومت نے شادی کی عمر بڑھا کر 21 سال کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ بیٹیوں کو کریئر بنانے کے لیے زیادہ وقت مل سکے ۔ اس سمت میں یہ ایک بڑا فیصلہ ہے ۔افتتاحی تقریب میں مرکزی وزیر برائے اطلاعات و نشریات، کھیل اور امورِ نوجوان انوراگ ٹھاکر، پڈوچیری کے لیفٹیننٹ گورنر تمل سائی سندرراجن، وزیر اعلیٰ این رنگاسوامی اور دیگر معززین نے شرکت کی۔ اس میلے کا انعقاد ملک کے نوجوان ذہنوں کی رہنمائی اور انہیں قوم کی تعمیر کے لیے ایک طاقت کے طور پر متحد کرنے کے مقصد سے کیا گیا ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس سال ہم سری اروبندو کی 150ویں یوم پیدائش منا رہے ہیںجب کہ اسی برس مہاکوی سبرامنیم بھارتی جی کی 100ویں برسی بھی ہے ۔ اس سال کا اُتسو ان دونوں شخصیات کے لیے وقف ہے ۔ 
 
 
 
 

بیک وقت 11میڈیکل کالجوں کا افتتاح کیا

 نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو ورچوئل میڈیم کے ذریعے تمل ناڈو میں ایک ساتھ 11 میڈیکل کالجوں کا افتتاح کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ ایک ہی ریاست میں ایک ساتھ 11 میڈیکل کالج شروع کیے گئے ۔ اس سے پہلے مسٹر مودی نے اتر پردیش میں بیک وقت 9 میڈیکل کالجوں کا افتتاح کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنا ہی ریکارڈ توڑدیا۔ اس موقع پر مرکزی وزیر صحت منسکھ مانڈویا اور تمل ناڈو کے وزیر اعلی اسٹالن بھی موجود تھے ۔پونگل اور مکر سنکرانتی کی مبارکباد دیتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ ملک میں کمزور صحت خدمات اور میڈیکل کالجوں کی کمی سب کو معلوم ہے ، لیکن پچھلی حکومتوں نے اس پر توجہ نہیں دی۔ ہماری حکومت نے اس پر سنجیدگی سے کام کیا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ 2014 سے پہلے ملک میں صرف 387 میڈیکل کالجز تھے جو اب بڑھ کر 596 ہیں۔ تمل ناڈو کے ان نئے 11 میڈیکل کالجوں سے ایم بی بی ایس کی 1450 سیٹیں بڑھ جائیں گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت نے طبی تعلیم کے فروغ کے لیے بہت سے اقدامات کیے ہیں۔ ملک میں صحت کی بڑھتی ہوئی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ آیوشمان یوجنا کے ذریعے غریبوں کو بہتر علاج مل رہا ہے ۔ صحت کی خدمات کو دیہی اور دور درازکے علاقوں تک لے جانے کے لیے ہماری کوششیں جاری ہیں۔ ہندوستان میں میڈیکل ہب بننے کی صلاحیت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل اس سماج کا ہے جو طبی تعلیم پر توجہ دیتا ہے ۔وزیر اعظم نے اس موقع پر سنٹرل انسٹی ٹیوٹ آف کلاسیکل تمل کا بھی افتتاح کیا۔مسٹر مودی نے کہا کہ نیا کیمپس پوری دنیا میں تمل ثقافت کو فروغ دے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ نئی تعلیمی پالیسی میں ہندوستانی زبانوں کو فروغ دیا جا رہا ہے ۔
 

تازہ ترین