بی ڈی سی چیئرپرسن انتظامیہ کی کارکردگی سے ناخوش

بنیادی نظام متاثر ،برف ہٹانے کا عمل تصویروں تک ہی محدود :نٹنو/راتھر

تاریخ    12 جنوری 2022 (00 : 01 AM)   


اشتیاق ملک
ڈوڈہ //پانی، بجلی و سڑک نظام کی بحالی میں ناکام رہنے کا الزام عائد کرتے ہوئے بی ڈی سی چیئرپرسنوں نے انتظامیہ کی عدم پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شدید برفباری سے لوگوں کی مشکلات بڑھتی جا رہی ہیں اور درجنوں دیہات کئی روز سے گھپ اندھیرے میں ہیں۔ بی ڈی سی چیئرمین گندنہ سرشاد نٹنو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ عوامی مسائل کا بروقت ازالہ کرنے میں ناکام ہوئی ہے۔ بی ڈی سی چیئرمین نے کہا کہ اگر چہ ڈوڈہ کے بالائی علاقوں میں دو سے تین فٹ برف ریکارڈ کی گئی لیکن قصبہ ڈوڈہ میں کچھ انچ سے ہی انتظامیہ کے دعوؤں کی پول کھل گئی۔ انہوں نے کہا کہ سرکار محکموں کے صرف نام بدل رہی ہے ان کی کارکردگی صفر کے برابر ہے۔ بی ڈی سی چیئرمین نے مزید کہا کہ شہر و گام میں بجلی کا بحران ہے اور مریضوں کو چار پائی پر اٹھا کر ہسپتال تک پہنچایا جا رہا ہے جو کہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ آج بھی ہم قدیم انسان کی زندگی گذار رہے ہیں۔ ادھر بی ڈی سی چیئرمین چنگا محمد عباس راتھر نے بھی انتظامیہ کی عدم توجہی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری مشینری غیر فعال ہوچکی ہے جس کے نتیجے میں لوگوں کے مسائل بڑھتے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں سے سرسری طور پر برف ہٹائی گئی ہے جس کی وجہ سے نہ صرف بڑی مسافر بردار گاڑیوں بلکہ عام راہگیروں کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

تازہ ترین