تازہ ترین

جنگجو مخالف آپریشنز میں تیزی لائی جائے

سوشل میڈیا کا غلط استعمال ناقابل برداشت:انسپکٹر جنرل

تاریخ    12 جنوری 2022 (00 : 01 AM)   


بلال فرقانی
سرینگر/26جنوری کیلئے لازمی سلامتی انتظامات کا جائز لینے کے دوران انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر وجے کمارنے منگل کو ا فسران کو متعلقہ علاقوں میں درکار انتظامات کی ذاتی طور پر نگرانی کرنے کی ہدایات دیں۔ آئی جی پی کشمیر نے کہا کہ موجودہ پرامن ماحول کو خراب کرنے میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے تحت سختی سے نمٹا جانا چاہئے۔ 

۔26جنوری انتظامات

پولیس کنٹرول روم سرینگر میں منعقدہ میٹنگ میںکشمیر رینج کے ڈپٹی انسپکٹر جنرلوں اور ضلعی ایس ایس پی کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے سیکورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے وجے کمار نے افسران سے کہا کہ وہ 26 جنوری کے سلسلے میں تمام ضروری اور مطلوبہ انتظامات کریں تاکہ تقریب کی پرامن تقریبات کو یقینی بنایا جا سکے۔ آئی جی پی کشمیر کو افسران نے اپنے متعلقہ علاقوں میں سیکورٹی کے مجموعی حالات اور چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے اپنائے جانے والے سیکورٹی اقدامات کے بارے میں جانکاری دی۔ میٹنگ میں 26جنوری کے سلسلے میں کیے گئے حفاظتی اقدامات اور تیاریوں کے علاوہ تیسری کووِڈ لہر کے پیش نظر کیے گئے اقدامات کے بارے میں بھی جانکاری دی گئی۔ترجمان نے کہا کہ افسران کے ساتھ بات چیت کے دوران، آئی جی پی نے وادی میں جنگجو مخالف کارروائیوں کے علاوہ امن و امان کی بحالی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ 26 جنوری کے حوالے سے تمام ضروری اور مطلوبہ انتظامات کریں تاکہ تقریب کی پرامن تقریبات کو یقینی بنایا جا سکے۔ ترجمان نے کہا کہ آئی جی کشمیر نے افسران کو تقریب کے سلسلے میں درکار انتظامات کی ذاتی طور پر نگرانی کرنے کی بھی ہدایت کی۔

جنگجو مخالف آپریشن

آئی جی پی نے اپنے فرائض کے تئیں ان کے عزم اور امن و امان کو برقرار رکھنے اور بغیر کسی نقصان کے کامیاب انسداد جنگجویانہ آپریشنوں کرنے میں ان کی تعریف کی۔ انہوں نے مزید کہا آئی جی پی نے ان پر زور دیا کہ اس طرح کی کوششیں اور زمین پر کام کرنے والی دیگر فورسز کے ساتھ تال میل ، وادی میں پرامن ماحول کو یقینی بنانے کے لیے جاری رہنا چاہیے۔آئی جی پی نے کہا کہ موجودہ پرامن ماحول کو خراب کرنے میں ملوث افراد سے قانون کے تحت سختی سے نمٹا جانا چاہئے۔ ترجمان نے کہا کہ ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جو سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا غلط استعمال کرتے ہوئے تشدد بھڑکاتے ہیں اورجن میں افرا تفری پھیلانے والے اور افواہیں پھیلانے والے شامل ہیں۔ انہوں نے تمام ضلع ایس ایس پی کو اپنے اپنے علاقوں میں انسداد جنگجوئت آپریشنوںکو بڑھانے کے ساتھ ساتھ بالائے زمین کارکنوں کے نیٹ ورک کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی بھی ہدایت کی۔ 

کوویڈ

۔آئی جی پی نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ پولیس الکار جو صف اول پر کام کر ہیں کو کووڈ کیسوںمیں اضافے کے پیش نظر کووڈ-بوسٹر خوراک فراہم کی جائے اور موجودہ ڈھانچے بشمول علیحدہ وارڈ وغیرہ کو کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لیے فعال کیا جائے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پولیس اہلکاروں کو کوویڈ مناسب رویے کی پابندی کرنے کے بارے میں حساس بنایا جائے۔

منشیات کے خلاف جنگ

آئی جی پی نے افسران کو منشیات فروشوں کے خلاف جنگ کو تیز کرنے اور معاشرے سے اس لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی بھی ہدایت دیتے ہوئے کا کہ اس سے نوجوانوں کا مستقبل خراب ہو رہا ہے۔ انہوں نے منشیات کے سوداگروں کو سزا کی شرح کو بہتر بنانے کے لیے منشیات کے مقدمات کی تفتیش کی ذاتی طور پر نگرانی کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوںنے افسران کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ تمام پولیس سطحوں پر پولیس اور عوام کے درمیان مضبوط تعلقات استوار کریں اور عام لوگوں کے ساتھ باقاعدگی سے ا باہمی میٹنگیں کریں کیونکہ اس طرح کی ملاقاتیں نہ صرف منشیات کی لعنت پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہوں گی بلکہ پولیس اور عوام روابط کو مضبوط کرے گی۔

 ریلوئے تار کی چوری

آئی جی پی نے ریلوے پٹری کے ساتھ تانبے کے تار کی چوری کے واقعات پر تشویش  ظاہر کرتے وئے کہا کہ یہ تار برقی ٹرینوں کے لیے تھی۔وجے کمارنے متعلقہ ضلع کے ایس ایس پی کو ہدایت دی کہ جن کے دائرہ اختیار میں ریلوے ٹریک گزرتا ہے، اس کی روک تھام کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں اور چوری اور جرم میں ملوث مجرموں کی نشاندہی کی جائے‘‘۔

موسمی صورتحال

آئی جی پی  کی طرف سے افسران کو یہ بھی ہدایت دی گئی کہ وہ ان لوگوں کی بروقت مدد کو یقینی بنائیں جنہیں خراب موسمی حالات کے پیش نظر کسی قسم کی مدد کی ضرورت ہے اور اس طرح قائم کردہ خصوصی ہیلپ لائنیں وقف افرادی قوت کے ساتھ ہمہ وقت فعال رہیں گی۔