تازہ ترین

انڈیا اوپن بیڈمنٹن ٹورنامنٹ

ٹاپ سیڈ سری کانت اور سندھو دوسرے راؤنڈ میں

تاریخ    12 جنوری 2022 (00 : 01 AM)   


نئی دہلی//ٹاپ سیڈ کدامبی سری کانت اور پی وی سندھو نے منگل کے روز انڈیا اوپن بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں اپنی مہم کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی۔  یہاں اندرا گاندھی اسپورٹس کمپلیکس کے کے ڈی جادھو انڈور ہال میں کھیلے جا رہے سیزن کے پہلے ٹورنامنٹ میں عالمی چمپئن شپ کے نقرئی تمغہ فاتح سری کانت نے ہم وطن سیرل ورما کو 34 منٹ میں 21-17 21-10 سے ہرا کر دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنائی جہاں ان کا مقابلہ ڈنمارک کے کم برون سے ہوگا۔ خواتین کے زمرے میں ٹاپ سیڈ اور اولمپک کانسہ کا تمغہ جیتنے والی سندھو نے ہم وطن سری کرشنا پریا کدراولی کو صرف 27 منٹ میں 21-17 21-10 سے شکست دی۔ ایک اور میچ میں سمیر ورما نے سوربھ ورما کو 21-7، 21-7 سے شکست دی۔ دریں اثنا، ہندوستان کی اشمیتا چلیہا نے ابتدائی راؤنڈ میں پانچویں سیڈ روسی کھلاڑی ایوجینیا کوسیٹسکایا کو 24-22، 21-16 سے شکست دی ۔ چلیہا نے شروع سے ہی میچ میں اپنی گرفت مضبوط رکھی۔ انہوں نے ہائن اسمیش کا استعمال کرکے شروعاتی گیم میں 11-5 کی برتری حاصل کی اور روسی کھلاڑی کے خلاف پرسکون نظرآئیں۔ بریک کے بعد حالانکہ انہوں نے بہت ساری غلطیاں کیں اور کوسیٹسکایا کو واپسی کا موقع فراہم کیا۔ کوسیٹسکایا نے کھیل میں واپسی کرتے ہوئے اسکور کو 14-14 تک پہنچا دیا۔ لیکن گوہاٹی کی رہنے والی چلیہا نے آخر میں گیم جیتنے میں کامیاب رہیں۔ چلیہا، جو 2019 میں کھیلے گئے اپنے پہلے میچ میں روسی کھلاڑی سے ہار گئی تھیں۔ اس بار انہوں نے روسی کھلاڑی کو غلطیاں کرنے پر مجبور کیا اور پھر دو گیم پوائنٹ بچا کر گیم جیت لی۔تاہم ہندوستانی کھلاڑی نے مقابلے میں اپنا کنٹرول رکھتے ہوئے میچ31 منٹ میں ختم کر دیا۔ میچ کے بعد انہوں نے کہا، 'میں نے پچھلے کچھ سالوں میں زیادہ میچ نہیں کھیلے ، اس لیے میں نروس تھی۔اب ان کا سامنا فرانس کی یلوہویاکس سے ہوگا جنہوں نے ہندوستان کی ریامکھرجی کو 31 منٹ میں 21-14 21-13 سے شکست دی۔  ایک اور مقابلے میں کے سائی پرتیک اور گایتری گوپی چند نے ایشان بھٹناگر اور تنیشا کاسترو کو 21-16، 16-21، 21-17 سے شکست دی، جبکہ مردوں کے ڈبلز میں ٹاپ سیڈ محمد احسان اور ہیندرا سیتیاوان نے بھی اپنی مہم کا آغاز جیت کے ساتھ کیا۔ انہوں نے ہندوستان کے پریم سنگھ چوہان اور راجیش ورما کو 21-18، 21-10 سے شکست دی۔یواین آئی