کووڈ ویکسین کے بوسٹر ڈوز لگانے کی مہم شروع

لیفٹیننٹ گورنر نے افتتاح کیا، سینئرشہری اورہیلتھ ورکر پہلی ترجیح قرار

تاریخ    11 جنوری 2022 (00 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک
 
جموں//جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کو کووڈ مخالف بوسٹر ڈوز شروع کرنے کے عمل کا افتتاح کیا ۔ یہ حفاظتی ڈوز ہیلتھ کیر ورکروں، صف اول پر کام کرنے والے کارکنوں اور سینئر شہریوں کو دیا جارہا ہے ۔ ڈسٹرکٹ ہسپتال گاندھی نگرسے اس مہم کا باضابطہ آغاز کر کے لیفٹیننٹ گورنر کوبوسٹر ڈوز دیا گیا ۔ اس موقعہ پر انہوں نے کہا کہ ہیلتھ ورکروں اور صف اول پر کام کرنے والے کارکنوں کو یہ حفاظتی ٹیکہ ترجیحی بنیادوں پردیا جائے گا۔انہوںنے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی ہدایت کے مطابق ہیلتھ کیر ورکروںاورفرنٹ لائن پر کام کرنے والوں کی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے پہلے مرحلے میں یہ ٹیکہ دیا جائے گا اور جموں کشمیر کے سینئر شہریوں کو بھی یہ ٹیکہ دیا جائے گا۔ منوج سنہا نے مزید کہا کہ ہیلتھ سیکٹر کی مضبوطی کی طرف خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور مرکزکے تعاون سے جموںاور کشمیر میںہیلتھ سیکٹر کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے جموں صوبہ کیلئے 34ایمبولینس سروس کو بھی ہری جھنڈی دکھائی ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے بتایا کہ ان لائف سپورٹ ایمبولنس سے کووڈ کے خلاف لڑائی مزید موثر ثابت ہوگی ۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموںکشمیر میں بڑھتے کووڈ کے معاملات پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک نہ لوگ کووڈگائڈ لائنوںپر عمل کریں گے تب تک ہم اس وائرس کی زنجیر کو توڑنے میں کامیاب نہیں ہوں گے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے بتایا کہ انتظامیہ کووڈ کے خلاف لڑائی میں کوئی کسر باقی نہیں رکھے گی اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اُٹھائے جائیں گے تاہم لوگوں کی بھی یہ ذمہ داری ہے کہ ہیلتھ رہنماء خطوط پر عمل کرتے ہوئے ماسک کااستعمال کریں، ہجوم اور بھیڑ بھاڑ سے دور رہیں اور کووڈ مخالف ویکسین لیں تاکہ ہماری کوششیں بارآور ثابت ہوں۔ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر نے پیر کو یہاں پبلک ہیلتھ سینٹر جواہر نگر میں اس ٹیکہ کاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی طرف سے جاری ہدایات کے مطابق فرنٹ لائن ورکروں، محکمہ صحت کے اہلکاروں اور اور زائد از 60 سال کی عمر کے مریضوں کے لئے یہ مہم شروع کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس ٹیکہ کاری مہم کو کامیاب بنانے کے لئے بھی تمام تر ضروری اقدام کو عملی جامہ پہنایا گیا ہے ۔ان کا کہنا تھا’’جب ہمارے ہیلتھ کیئر ورکرس محفوط رہیں گے تب ہی وہ عوام کو بھی محفوظ رکھ سکتے ہیں‘‘۔
 
 
 راجناتھ کورونا سے متاثر
یو این آئی
 
نئی دہلی// وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کورونا سے متاثر ہوگئے ہیں۔ سنگھ نے ٹویٹ کیا، "میرا ٹیسٹ کووڈ پازیٹیو آیا ہے ، مجھے ہلکی علامات ہیں، میں نے خود کو 'ہوم کوارنٹین ' کر لیا ہے، حال ہی میں جو لوگ میرے رابطے میں آئے ہیں، میں ان سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ خود آئسولیشن میں جائیں اور اپنا کورونا ٹیسٹ کرائیں‘‘۔خیال رہے کہ سنگھ نے 6 جنوری کواتراکھنڈ کے اترکاشی میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی وجے سنکلپ ریلی کے اختتام کے موقع پر ریلی سے خطاب کیا تھا۔کوروناہونے سے پہلے عوام کے ساتھ ان کا یہ آخری رابطہ تھا۔ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال، راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت، بہار کے دو نائب وزیر اعلیٰ ترکیشور پرساد اور رینو دیوی، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کی رکن پارلیمنٹ سپریا سولے ، مرکزی وزیر مہندر ناتھ پانڈے ، کانگریس لیڈر رندیپ سرجے والا اور دپیندرہڈّاکو بھی کورونا ہوگیا ہے۔
 
 

 

تازہ ترین