تازہ ترین

پولیس نے 3چوروں کو گرفتار کرلیا

تاریخ    9 جنوری 2022 (00 : 01 AM)   


حسین محتشم
پونچھ// ضلع پولیس پونچھ نے ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ہفتہ کے روز پونچھ قصبہ میں تین چوروں کو چوری کی رقم سمیت گرفتار کیا۔ پولیس نے بتایا کہ انہیں ایک دکاندار کی جانب سے قلعہ مارکیٹ پونچھ میں دن کے وقت اس کی دکان سے رقم کی چوری کی شکایت موصول ہوئی جب وہ نمازکےلئے گیا ہوا تھا۔اس سلسلہ میں پولیس تھانہ پونچھ میں ایف آئی آر نمبر 05/2022 U/S 380 IPC درج کی گئی جس کے بعد پولیس تھانہ پونچھ کی ایک پولیس پارٹی ٹیم نے ایس ایچ او پونچھ سریشور دیو سنگھ کی قیادت میں ایس ایس پی پونچھ روہت باسکوترا اور ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر نواز احمد کی نگرانی میں تفصیلی تفتیش کی اور شناخت کے بعد پونچھ شہر کے مختلف مقامات سے تین افراد کو گرفتار کیا۔ تفتیش کے دوران تینوں ملزمان نے اعتراف جرم کرلیا اور ان کے انکشاف پر پولیس نے ان سے مسروقہ رقم اور دیگر مسروقہ سامان بھی برآمد کرلیا۔ گرفتار چوروں کی شناخت محمد راشد ولد عبدالحمید ، محمد قاسم ولد محمد شریف سکنہ وارڈ نمبر 1 پونچھ اورسعید مجتبیٰ عرف چھوٹو ولد افضل حسین سکنہ وارڈ نمبر 1 پونچھ کی گئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتار افراد چوری کی دیگر وارداتوں میں بھی ملوث ہیں اور انہوں نے پونچھ شہر کے مذہبی مقامات سے بھی رقم چوری کی تھی۔
 
 

نوشہرہ میں شراب ضبط ،معاملہ درج 

رمیش کیسر 
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ میں جموں وکشمیر پولیس نے ایک معمول کی گشت کے دوران فوڈ کاﺅ نٹر سے شراب ضبط کر کے معاملہ درج کر لیا ہے ۔پولیس نے بتایا کہ ایس ایچ او نوشہرہ کی قیادت میں پولیس کی ایک ٹیم معمول کی گشت پر تھی جس کے دوران نونیال گاﺅں میں ایک فوڈ کاﺅنٹر پر رکھی گئی غیر قانونی شراب کو ضبط کرلیا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ پولیس ٹیم نے چار لیٹر شراب کو ضبط کرتے ہوئے معاملہ درج کرلیا ہے ۔پولیس نے بتایا کہ شراب کو عام لوگوں میں غیر قانونی طریقہ سے فروخت کرنے کےلئے رکھا گیا تھا تاہم پولیس نے شراب کےساتھ ساتھ اس سلسلہ میں استعمال ہونے والے برتن بھی ضبط کر لئے ۔پولیس نے نوشہرہ پولیس سٹیشن میں ایک مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔
 
 

مویشی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی گئی 

رمیش کیسر 
نوشہرہ //جموں وکشمیر پولیس نے راجوری ضلع میں مویشی سمگلنگ کی ایک کوشش کو ناکام بناتے ہوئے سمگل کئے جارہے مویشیوں کو باز یاب کرلیا جبکہ اس سلسلہ میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات بھی شروع کر دی ہیں ۔جموں وکشمیر پولیس نے بتایا کہ درمسالہ پولیش سٹیشن کی ایک ٹیم نے ایک مالبردار گاڑی زیر نمبر -JK20A 1006 کو روکا کر اس کی تلاشی لی جس کے دوران گاڑی میں سے سمگل کئے جارہے مویشیوں کو باز یاب کروالیا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ گاڑی میں تین مویشیوں کو سمگل کیا جارہا تھا تاہم گاڑی کو ضبط کرکے پولیس سٹیشن میں ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 4/2022درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے ۔