تازہ ترین

حکومت سونہ مرگ کو سرما کے دوران کُھلارکھنے میں ناکام:میاں الطاف

تاریخ    7 جنوری 2022 (00 : 01 AM)   


سرینگر//نیشنل کانفرنس کے رہنمااور سابق ممبراسمبلی کنگن میاں الطاف احمد نے سیاحتی مقام سونہ مرگ کوبندرکھنے پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے بلندبانگ دعوئوں اور یقین دہانیوں کے باوجود سرکار اِسے موسم سرماکے دوران کھلا رکھنے میں ناکام ہوئی ہے،تاکہ اِسے سیاحتی نقشے پرفروغ دیاجاسکتااور کنگن سے سربل تک کے لوگوں کی روزی روٹی کاانتظام ہوتا۔ایک بیان میں میاں الطاف احمد نے کہا حکومت اورانتظامیہ کے علاوہ محکمہ سیاحت اور دیگرمحکموں نے یقین دلایا تھا کہ سونہ مرگ کو موسم سرما کے دوران کھلارکھاجائے گاتاکہ سیاح جوملک کے مختلف حصوں سے یہاں آتے ہیں ،وہ سونہ مرگ کے برف پوش پہاڑوں سے لطف اندوز ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ بدھ کی برف باری کے بعدسونہ مرگ کارابطہ کٹ گیا اور وہاںتک جانے والی سڑک بند پڑی ہے اوروہاں کوئی بنیادی سہولیات جیسے بجلی اور پینے کاپانی بھی بہم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعددسیاح جو سونہ مرگ کی سیر پرآئے تھے ،کومایوس ہوکر لوٹنا پڑااوراس سے سینکڑوں مقامی لوگوں کاروزگار بھی متاثر ہوا،جوسیاحت کے شعبے سے وابستہ ہیںجیسے دکاندار، مرکبان،ہوٹل مالکان وغیرہ۔میاں الطاف نے کہا کہ حکومت نے یقین دلایاتھا اور اس کا اعلان بھی کیاتھا کہ موسم سرماکے دوران سونہ مرگ کو سیاحوں کیلئے کھلا رکھاجائے گااورکہاتھا کہ شتکری میں ایسکیپ ٹنل کوموسم سرما کے دوران سونہ مرگ آنے جانے کیلئے استعمال کیاجائے گاتاہم یہ بھی نہیں ہوا۔میاں الطاف نے حکومت پرزوردیا کہ وہ سونہ مرگ تک رابطے کو یقینی بنانے کیلئے تیزتراقدامات کریںاوروہاں لوگوں کی سہولیت کیلئے تمام بنیادی چیزیں بہم رکھیں۔
 

تازہ ترین