جموں و کشمیر میں ماہ جون میں کورونا کے 841 معاملات، 4فوت

سری نگر//جموں وکشمیر میں جون کے مہینے میں کووڈ کے 841 نئے کیس رپورٹ ہوئے جبکہ اس دوران چار مریض بھی فوت ہوئے ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق 841 نئے کیسوں میں 256 کشمیر صوبے اور 585 جموں میں درج ہوئے، اس دوران کشمیر میں ایک مریض کی موت واقع ہوئی جبکہ جموں میں تین مریض اپنی جانیں گنوا بیٹھیں ۔
اعدادو شمار کے مطابق مئی کے مہینے میں جموں وکشمیر میں 206 اور اپریل مہینے میں 275 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ ہفتوں کے دوران جموں وکشمیر میں کووڈ کے معاملات میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے جس کے پیش نظر ڈاکٹروں نے لوگوں سے تلقین کی ہے کہ وہ ایس او پیز پر سختی کے ساتھ عمل کریں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر چہ گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں تاہم وائرس کے پھیلاو کو روکنے کی خاطر کووڈ رہنما اصولوں پر عملدرآمد ناگزیر ہے۔
اُن کے مطابق ماسک کے بغیر لوگوں سے باہر نہیں آنا چاہئے ۔