بانہال میں سڑک حادثہ| 4خواتین سمیت 7افراد زخمی

بانہال// جموں و کشمیر کے ضلع رام بن کے بانہال علاقے میں سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر بدھ کی صبح ایک گاڑی گہری کھائی میں گر جانے سے کم سے کم سات افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق جموں سے سری نگر جا رہی ایک تویرا گاڑی بانہال کے تلہ باغ علاقے کے نزدیک سڑک سے لڑھک کر گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں اس میں سوار سات افراد زخمی ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ حادثہ پیش آتے ہی فوج، پولیس اور مقامی لوگوں نے بچاؤ کارروائیاں انجام دیتے ہوئے زخمیوں کو سب ضلع ہسپتال بانہال پہنچایا۔
زخمیوں کی شناخت حافظہ بیگم دختر محمد یوسف ساکن شیر بی بی، شکیلہ بانو دختر محمد عبداللہ ساکن شیر بی بی، شازیہ بانو دختر محمد عبداللہ ساکن شیر بی بی، عابد احمد ڈار (ڈرائیور) ولد غلام محمد ڈار ساکن نشاط سری نگر، جہانگیر احمد ولد عبدالطیف ساکن رامسو، علیزہ بانو دختر محمد یوسف ساکن شیر بی بی، فاروق احمد ولد عبدالطیف ساکن رامسو کے بطور ہوئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں میں سے تین شکیلہ، شازیہ اور علیزہ کو گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ ریفر کیا گیا ہے۔