وسن گاندربل میں آوارہ کتے کی دہشت کئی افراد کوزخمی کیا، کمسن سکمز منتقل
راجا ارشاد احمد
گاندربل//گاندربل ضلع کے درجنوں علاقوں میں آوارہ کتوں کی ہڑبونگ سے خوف و دہشت کا ماحول قائم ہوگیا ہے۔ آوارہ کتے بچوں، خواتین اور عمر رسیدہ افراد پر حملہ آور ہورہے ہیں۔ضلع کے وسن علاقے میں دو روز سے ایک آوارہ کتے کے حملے میں کئی افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں میںایک کمسن بچی بھی شامل ہے جسے تشویشناک حالت میں میڈیکل انسٹیچوٹ صورہ منتقل کیا گیا ۔وسن کے مقامی شہری جہانگیر احمد تیلی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ہفتہ اور اتوار کو علاقہ میں اچانک آوارہ کتا نمودار ہوا جس نے کئی افراد پر حملہ کرکے انہیں زخمی کر دیا۔ زخمیوں میں کمسن عاظم احمد راتھر ولد معراج الدین، خوشبو جان دختر محمد سلطان اور 55 سالہ محمد عبداللہ خان سمیت دیگر افراد شامل ہیں جن کو زخمی حالت میں پرائمری ہیلتھ سنٹر وسن منتقل کیا گیا جہاں سے عاظم احمد کو تشویشناک حالت میں میڈیکل انسٹیچوٹ صورہ مزید علاج ومعالجہ کے لئے منتقل کیا گیا۔مقامی لوگوں نے کہا ’’ یہ دو دن ہی نہیںبلکہ روزانہ درجنوں آوارہ کتے علاقے میں گھومتے پھرتے ہیں جس کے باعث بچے، خواتین اور عمر رسیدہ افراد باہر نکلنے میں خوف و دہشت محسوس کرتے ہیں‘‘۔انہوں نے انتظامیہ سے اقدامات کی اپیل کی۔