سرینگر اور پلوامہ میں 5 منشیات فروش گرفتار: پولیس

یو این آئی

سرینگر// منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف اپنی مہم جاری رکھتے ہوئے جموں وکشمیر پولیس نے سری نگر اور پلوامہ میں پانچ منشیات فروشوں کو دھر دبوچ کر ان کے قبضے سے ممنوع نشیلی اشیاءبرآمد کرکے ضبط کی ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ سری نگر پولیس نے سوزیتھ بنڈ کے نزدیک ناکہ لگایا جس دوران ایک سوفٹ کار زیر نمبر UK14TA-1714کورکنے کا اشارہ کیا گیا جس دوران تین افراد نے راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کی تاہم پولیس نے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر تینوں کی گرفتاری عمل میں لائی ۔
انہوں نے کہاکہ جامہ تلاشی کے دوران گرفتار شدگان کے قبضے سے 6.55گرام برون شوگر، 2.1کلو ممنوع نشیلی اشیاءکو برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔
موصوف ترجمان نے گرفتار منشیات فروشوں کی شناخت زبیر احمد شیخ ولد مرحوم گلزار احمد ساکن لاوے پورہ، رفیق احمد میر ولد محمد امین میر اور شاہد احمد شیخ ولد محمد اکبر شیخ ساکنان پنزی نارہ کے بطور کی ہے۔
دریں اثنا پلوامہ پولیس نے گڈورا پل کے نزدیک ناکہ چیکنگ کے دوران ایک سکارپیو گاڑی زیر نمبر JK13A-4513کو روک کر گاڑی کی تلاشی لی جس دوران گاڑی سے 70شراب کی بوتلیں برآمد کی گئیں۔
پولیس نے گاڑی میں سوار نذیر احمد ٹھوکر ولد غلام نبی ساکن گڈورا پلوامہ اور اوتار ولد سنتا رام ساکن مہاراشٹریہ کی گرفتاری عمل میں لا کر ان کے خلاف کیس درج کیا۔
علاوہ ازیں پولیس نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے بارے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کو مطلع کریں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات فروشی سماج کے لئے ناسور بن چکی ہے لہذا اس کا قلع قمع کرنے کی خاطر ہر ایک کو اپنا دست تعاون فراہم کرنا چاہئے۔