کشتواڑ میں دو الگ الگ سڑک حادثات | شہری لقمہ اجل ، چار دیگر زخمی، ہسپتال منتقل

کشتواڑ// خطہ چناب کے کشتواڑ میں اتوار کو پیش آئے دو الگ الگ سڑک حادثات میں ایک شخص لقمہ اجل جبکہ چار دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل مغل میدان کے سنگم بتی علاقہ میں اتوار کی صبح سڑک حادثے میں ایک شخص کی موت واقع ہوئی جبکہ گاڑی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا ہے۔پولیس ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ حادثہ اتوار کی صبح تین بجے کے قریب کشتواڑ سنتھن قومی شاہراہ پر سنگم بتی کے قریب پیش آیا جب ایک ٹپر زیر نمبر JK17-0155سنگم بتی کے قریب ڈرائیور سے بے قابو ہوکر دریا میں جاگرا۔ جس میں ڈرائیور سمیت دو افراد سوار تھے۔ حادثہ میں سوار شخص کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی۔ جبکہ گاڑی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔ ایس ایچ او چھاترو سمیر احمد نے بتایا کہ لقمہ اجل شخص کی شناخت شہنواز احمدولد فاروق احمد ساکنہ کڑیا پل کے طور ہوئی ہے۔ جبکہ گاڑی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا ہے۔ وہیں دوسری جانب اتوار کی بعد دوپہر ڈول میں ایکو گاڑی کو پیش آئے حادثے میں چارافراد شدید طور پر زخمی ہوئے جنھیں علاج و معالجے کیلئے ضلع ہسپتال منتقل کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق یہ واقع علاقہ ڈول زیرپوائنٹ کے قریب پیش آیا جب ایکو گاڑی زیر نمبر   JK17-9219 کا ڈرائیور اس پر سے کنٹرول کھوبیٹھا اور گاڈی دیوار سے ٹکرگئی جس میں کل سات افراد سوار تھے۔ جن میں سے چار افراد کو چوٹیں آئیں جنھیں علاج و معالجے کیلئے فوری طور ضلع ہسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمیوں کی شناخت محمد حسین ولد محمد انور عمر 55،نشا دیوی زوجہ اکشے کمار عمر 25،محمد رفیق ولد اللہ دتعہ عمر30 ،رتن لال ولد رویل سنگھ عمر 25  ، ساکنہ کواڑہ ڈول کے طور ہوئی۔ گاڑی میں سوار دیگر افراد میں دو بچے و گاڑی کا ڈرائیور موجود تھا جنھیں معمولی چوٹیں آئیں ہیں۔

 

 

 

 

گول پریمئرلیگ سیزن تھری اختتام پذیر،ایم سی سی بگہ فتحیاب

نوجوان ہمارا مستقبل ،اِن کی ذہنی نشو ونما کی فکر ہمارا اولین فرض:وقار رسول وانی

زاہد بشیر

گول//گول کے منزیم کنڈ کرکٹ گراؤنڈ میں گول پریمیر لیگ سیزن تھری کا فائنل مقابلہ ایم سی سی بگہ ریاسی اور شیریلی الیون گول کے درمیان کھیلا گیا ۔ شیریلی الیون گول نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ بیس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بنائے اور اس طرح ایم سی سی بگہ کو جیتنے کے لئے 128 رن کا ہدف دیا۔ ایم سی سی بگہ نے یہ ہدف 13 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا اور بڑی جیت حاصل کی۔ ایم سی سی بگا کی ٹیم جو گزشتہ کچھ سالوں سے لگاتار گول میں فائنل جیت رہی ہے۔ اِس موقعہ پر ایم سی سی بگہ کے کھلاڑی رمنیک سنگھ جموال نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مین آف دی میچ کا خطاب حاصل کیا جبکہ پوری سیریز کے دوران بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنے والے شیرلی سپر کنگ گو ل کے کھلاڑی انیس الرحمان کو مین آف دی سیریز کے اعراز سے نوازا گیا۔ گول پریمئر لیگ کے فائنل میچ کو دیکھنے کیلئے سینکڑوں شائقین آئے تھے وہیں مہمان خصوصی کے طور کانگریس کے سینئر رہنماوقار رسول نے بھی شرکت کی۔ ٹیم کی بہترین کارکردگی کو دیکھنے کیلئے گول کے گردونواح سے سینکڑوںکی تعداد میں شائقین میچ دیکھنے کے لئے گرائونڈ میں پہنچے تھے ۔لگ بھگ 30 سال کے بعد اتنی تعداد میں شایقین میچ دیکھنے کے لئے پہنچے تھے۔ خصوصاً پرانے مایہ نازکرکٹ کھلاڑی بھی یہ فاینل میچ دیکھنے آئے تھے ۔اِس موقع پر وقار رسول وانی نے نوجوان کا کھیل کود کے تئیں رجحان کو دیکھ کر نوجوانوں کو کافی سراہا اور نوجوانوں سے کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں اور ہمارا اولین فرض ہے کہ ہم نوجوانوں کی ذہنی نشو و نما پر فکرمندی سے دھیان دیں۔انھوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ کھیل کود میں اپنی سرگرمیوں کو اِسی طرح سے جاری رکھیں ایک دن آئے گا جبکہ یہی نوجوان ملکی سطح پر اپنے ہنر کا لوہا منوائیں گے۔فائنل مقابلے میں گول کے نوجوان رہنما شہباز مرزا نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ اِس دوران انھوں نے آرگنائزر محمد عارف زوہد کی کھیل کود میں مہارت رکھنے والے نوجوانوں کے تئیں فکر مندی کو سراہا اور کہا کہ ٹورنامنٹ کا انعقاد اور اِس ٹورنامنٹ میں دو درجن کرکٹ ٹیموں کی شمولیت اِس بات کا ثبوت ہے کہ علاقہ کے نوجوان کھیل کود کے میدان میں کافی ماہر ہے اور کھیل کود میں اپنا مقام بنانے کی تمنا بھی رکھتے ہیں لیکن بدقسمتی سے نوجوانوں کو اپنی کھیل سرگرمیاں جاری رکھنے کیلئے کوئی کرکٹ گراونڈ دستیاب نہیں ہے۔ گول پریمیر لیگ سیزن تھری میں جن کھلاڑیوں کو انعامات سے نوازا گیا، ان میں محمد انیس زاہد کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ ایم سی سی بگا کے کھلاڑی رمنیک جموال کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔ اسی طرح سے فاینل میچ میں پہنچنی والی دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو انعامات سے نوازا گیا۔ آخر میں فتحیاب ٹیم کو 20 ہزار نقدی ٹرافی ،وردی اور ایک کرکٹ کٹ فراہم کی گئی۔

 

گیارہویں جماعت کے امتحان میں دھوکہ دہی

امتحانی مرکز میں دوسرے کی جگہ بیٹھا نوجوان گرفتار 

عاصف بٹ

کشتواڑ// ضلع کشتواڑ کے تعلیمی زون اندروال میں سنیچر کو امتحان کے دوران پیش آئے واقع میں پولیس نے دو افراد کو گرفتار کرلیا اور ان پر قانون کی متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ جموں کے گیارہویں جماعت کے پرائیوٹ امتحان میں امتحانی مراکز میں ایک شخص دوسرے کی جگہ امتحان دیتے ہوئے پکڑاگیا۔ یہ واقع مغل میدان کی ہائر سیکنڈری سکول میں پیش آیا جب گیارہویں جماعت کے انگریزی پرچے میں سکول میں تعینات سپرنٹینڈنٹ امتحانی مراکز سینٹر نمبر 270007 نے پولیس پوسٹ مغلمیدان میں شکایت درج کی کہ رول نمبرات کی جانچ پڑتال کے دوران مشتاق احمد ولد محمد شفیع ساکنہ کوچھال کو طارق حسین ولد غلام علی زیر رول نمبر 270007543 رجسٹریشن نمبر NI580010030کی جگہ پیپر دیتے ہوئے پکڑا گیاہے۔جس نے امتحانی عملے کے ساتھ دھوکہ دہی کی ہے۔ وہیں پولیس نے اس معاملے میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔ایس ایچ او چھاترو سمیر احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ دونوں افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔اُنہوں نے بتایاکہ اس سلسلے میں پولیس تھانہ چھاترو میں ایف آئی آر زیرنمبر 56/2022 زیر دفعہ 419،420،120-بی  آئی پی سی2/5 یو آئی ایکٹ کے تحت درج کرلی گئی ہے اور تحقیقات شروع کردیگی ہے۔

 

سبھی ریزرو کیٹگری ملازمین کا کشمیر سے جموں تبادلہ کیاجائے:منجیت سنگھ

سانبہ میں سرکاری سکول اور چوک کا نام رجنی بالا سے منسوب کرنے کا مطالبہ

سانبہ// جموں وکشمیر اپنی پارٹی صوبائی صدر جموں اور سابقہ وزیر منجیت سنگھ نے مطالبہ کیا ہے کہ ریزروڈ کٹاگری ملازمین جوکہ کشمیر میں ملازمت کر رہے ہیں، کو حفاظتی صورتحال بہتر ہونے تک کشمیر صوبہ میں ٹرانسفر کیاجائے۔اس سلسلہ میں جاری پریس بیان میں منجیت سنگھ نے کہاکہ ایس سی طبقہ سے وابستہ ملازمین اور اْن کے کنبہ جات نفسیاتی تناو سے گذر رہے ہیںاور وہ اِس وقت وادی میں جہاں جہاں تعینات ہیں، عدم تحفظ کا شکار ہیں۔یہی وجہ ہے کہ جموں میں درج فہرست ذاتوں(ایس سی)کٹاگری سے تعلق رکھنے والے ملازمین جموں میں احتجاج کر رہے ہیں جن کا مطالبہ ہے کہ ودی میں حالیہ شہری اور سرکاری ملازمین کی ہلاکتوں کے بعد پیدا شدہ صورتحال میں اْنہیں جموں یا پھر صوبہ جموں کے متعلقہ اضلاع میں ٹرانسفر کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ ’’ریزروڈ کٹاگری ملازمین کشمیر کے دور افتادہ اور دیہی علاقوں میں پچھلی دو دہائیوں سے ملازمت کر رہے ہیں اور اْنہیں کبھی بھی کوئی خطرہ محسوس نہیں ہوا جوکہ وہاں پر اکثریتی طبقہ کے گھروں میں کرائے پر رہ رہے تھے اور اْنہیں مکمل تعاون بھی مل رہاتھا لیکن اچانک شہری، سرکاری ملازمین، پولیس اور دیگر سیکورٹی اہلکاروں کی ہلاکتوں سے ایس سی ملازمین میں بھی خوف کی لہر دوڑ گئی ہے‘‘۔ انہوں نے مزید کہاکہ اِن ملازمین نے کشمیر کے اندر تعلیم، مال اور دیگر محکمہ جات میں رہ کر مقامی آبادی کی خدمت کی ہے، البتہ اب صورتحال پْر خطر ہے، لہٰذا حکومت کو چاہئے کہ سیکورٹی صورتحال بہتر ہونے تک جموں اضلاع کے ملازمین کو ٹرانسفر کیاجائے۔اْن کا کہنا ہے کہ یہ ملازم خود کو غیر محفوظ تصور کر رہے ہیں اور حکومت اْن کے جائز مطالبہ کو نظر انداز نہیں کرسکتی، انسانی بنیاد پر اْن کے مطالبہ کو تسلیم کیاجانا چاہئے ، یہ لوگ ملی ٹینٹوں کا آسانی سے نشانہ بن رہے ہیں۔ہم مزید لوگوں کی جانیں خطرے میں ڈال نہیں سکتے اور حکومت کو مزید کسی ناخوشگوار واقعہ سے قبل ہی فیصلہ لینا چاہئے۔دریں اثناء انہوں نے مطالبہ کیاکہ ضلع سانبہ میں چوک یا سرکاری اسکول کا نام خاتون ٹیچر رجنی بالا سے منسوب کیاجائے جس کو کولگام میں شہید کیاگیاتھا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کو چاہئے کہ اِس ضمن میں سرکاری اسکول یا کسی مقام کی نشاندہی کر کے شہید رجنی بالا سے اْس کو منسوب کیاجائے تاکہ آنے والی نسل اِس خاتون کی قیام امن کے لئے دی گئی قربانی کو یاد رکھے۔ انہوں نے کولگام کے سرکاری اسکول جہاں رجنی بالا تعینات تھی، کا نام اْس سے منسوب کرنے کے حکومتی اقدام کی تعریف کی۔ منجیت سنگھ نے جموں وکشمیر میں معصوم لوگوں کو نشانہ بناکر خرمن ِ امن کو خراب کرنے والے قوم دشمن عناصر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ جموں اور کشمیر کے لوگ متحد ہیں اور نظریاتی طور کوئی اختلاف نہیں۔

 

رام بن میں غیر مجاز میڈیکل سٹور سربمہر

رام بن//ڈرگ کنٹرول آفیسر (ڈی سی او) رام بن امتیاز احمد نے اتوار کو ضلع رام بن میں اکھرال کے دور افتادہ علاقے میں معائنہ کے دوران ایک میڈیکل سٹور سربمہر کر دیا ہے۔اکھرال اور ملحقہ علاقے میں مختلف میڈیکل شاپس کے معائنہ کے دوران ڈرگ انسپکٹر نے اسپاٹ وزٹ کے دوران ڈرگز اینڈ کاسمیٹک رولز 1945 کی مختلف دفعات کی خلاف ورزی پر 1 میڈیکل سٹور کو سیل کر دیا۔طاقت اور پاکیزگی کا تعین کرنے کے لیے دو دواؤں کے فارمولیشنز کے قانونی نمونے مارکیٹ سے اٹھا لیے گئے۔ ان نمونوں کو ان کے معیار کے پیرامیٹرز کا پتہ لگانے کے لیے قانونی رائے مرتب کرنے کے لیے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کو بھیجا جائے گا۔ انہوں نے کیمسٹ برادری پر بھی زور دیا کہ وہ ڈرگس اینڈ کاسمیٹک ایکٹ کی دفعات اور اصولوں کے مطابق عمل کریں جس میں ناکام رہنے کی صورت میں محکمہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی شروع کرنے پر مجبور ہوگا۔

 

 بانہال کی تحصیل کھڑی میں پی ڈی پی کا یک روزہ کنونشن

 بلاک کونسل چیئرمین سمیت کئی پنچائتی نمائندگان کی پارٹی میں شمولیت

محمد تسکین

بانہال//جموں و کشمیر میں ممکنہ انتخابات کے پیش نظر سیاسی جماعتوں کے لیڈران سرگرم ہیں اور اس سلسلے کی ایک کڑی کے طور اتوار کے روز کے سب ضلع بانہال کی تحصیل صدر مقام کھڑی میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے ریاستی جنرل سیکریٹری امتیاز احمد شان کی قیادت میں ایک روزہ کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس میں بلاک ترقیاتی کونسل کھڑی کے چیئرمین سجاد حسین حجام سمیت کئی سرپنچوں ، کانگریس اور دیگر پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے ورکروں نے پیپلز ڈیموکریٹک میں شرکت اختیار کی۔ بی ڈی سی چیئرمین سجاد حسین اب تک نیشنل کانفرنس سے جڑے تھے اور پچھلے انتخابات میں انہوں نے بانہال کے آزاد اتحاد کی حمایت کی تھی۔اس موقع پر پارٹی کے لیڈروں اور ورکروں نے اپنے خطابوں میں کہا کہ جموں کشمیر میں دفعہ 370کو ختم کرنے کے بعد جموں کشمیر کی شناخت اور تشخص کو پوری طرح سے مٹا دیا گیا اور لوگوں کا جمہوری حق مکمل طور چھینا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی کے اس ہندوستان میں لوگوں کو اب بولنے کا بھی حق نہیں دیا جارہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ جموں کشمیر کو پوری طرح سے تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کر دیا اور پورے جموں کشمیر کے لوگوں میں بے چینی اور مایوسی چھائی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کے اب جموں کشمیر میں دوبارہ سے الیکشن کی تیاریاں کی جارہی ہیں اور ہم ان تیاریوں کا خیر مقدم کرتے ہیں کیونکہ جموں کشمیر اس وقت جن مشکل حالات سے گزر رہا ہیں وہاں جمہوری عمل ناگزیر بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کو ان مشکل حالات سے باہر نکالنے کیلئے لوگوں کے پاس واحد حل پی ڈی پی پارٹی میں پنہاں ہے جو لوگوں کو ان کا حق اور انصاف دلاسکتی اور اس کیلئے سرگرم ہے۔ انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی ، کانگریس، اور عام آدمی پارٹیوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ یہ پارٹیاں اور ان کے لیڈر لوگوں کے ساتھ صرف اور صرف دھوکا دہی کر رہے ہیں اور ان کے پاس جھوٹ اور فریب کے سوا کچھ بھی نہیں ہیں۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ پی ڈی پی جماعت کو مضبوط کرنے کیلئے سامنے آئیں تاکہ جموں کشمیر میں پھر سے امن اور سکون واپس لوٹایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی وہ واحد پارٹی ہے جو جموں کشمیر کو اس کی پہچان اور تشخص واپس دلا سکتی ہیں ۔

 

‘منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ’ کا عالمی دن 

ڈوڈہ میں تقریبات ،پاک وصاف معاشرے کی تشکیل پر زور 

اشتیاق ملک

ڈوڈہ //”منشیات کے استعمال اور ناجائز سمگلنگ کے خلاف عالمی دن” پر سیول و پولیس انتظامیہ کی طرف سے ضلع بھر میں ورکشاپس، سیمینار، ریلیوں و بیداری پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلع و بلاک سطحی آفیسران ،پنچائتی اراکین ،سیول سوسائٹی ممبران و اسکولی بچوں نے بھاری تعداد میں شرکت کی۔اس سلسلہ میں سب سے بڑی تقریب ڈسٹرکٹ پولیس لائن ڈوڈہ میں منعقد ہوئی جس میں جس میں مختلف اسکولوں کے طلباء نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ طلباء نے منشیات کے معاشرے پر مضر اثرات پر روشنی ڈالی۔ایس ایس پی ڈوڈہ عبد القیوم و دیگر آفیسران کی موجودگی میں ایک مباحثہ مقابلہ کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں طلباء نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ایس ایس پی ڈوڈہ نے اس موقع پر بچوں، اساتذہ و سیول سوسائٹی پر زور دیا کہ وہ صاف و ستھرا معاشرہ کی تعمیر کے لئے منشیات مخالف مہم کو جاری رکھیں اور ایسے عناصر کی نشاندہی کریں جو نشہ آور چیزوں کے کاروبار میں ملوث ہیں۔آخر پر اسکولی بچوں کو انعامات سے بھی نوازا گیا۔ماسٹر پوپسی ایس پی ہیڈکوارٹرڈوڈہ، شوکت علی ڈی ایس پی ڈی آر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ادھر کمیونٹی حال ڈوڈہ میں سیول انتظامیہ کی جانب سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈی ڈی سی چیئرمین دھنتر سنگھ کوشل ،ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ وکاس شرما و دیگر آفیسران نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ مشہور سیاحتی مقام جائی، ڈاک بنگلہ ٹھاٹھری، غیاثیہ ماڈل سکول چنگا و گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول عسر میں بھی بیداری پروگرام منعقد کئے۔

 

کرگل فتح مشعل ریلی بانہال پہنچی

 سینکڑوں افراد ، طلبا اور سابقہ فوجیوں نے شرکت کی

محمد تسکین

بانہال// بھارتی فوج کی طرف سے پاکستان کے خلاف کرگل جنگ کی جیت کی یاد میں “کرگل فتح مشعال دوڑ ” اتوار کو بانہال پہنچی جہاں ہائر سیکنڈری سکول بانہال میں ایک رنگا رنگ پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا انعقاد فوج کی بارہ راشٹریہ رائفلز نے کیا تھا ۔کرگل جنگ کی جیت کے اس جشن میں ڈگری کالج بانہال ، این سی سی اور فوج کی ٹکڑیوں نے رنگا رنگ پروگرام پیش کئے اور سامعین کو محظوظ کیا گیا ۔ اس کے علاہ فوج سے سبکدوش ہوئے سابقہ فوجی اہلکاروں نے شرکت کی۔ اس تقریب میں بارہ راشٹریہ رائفلز کے کمانڈ افیسر کرنل سنجے کمار باجیا ، ایس ڈی ایم بانہال ظہیر عباس ، ایس ڈی پی او بانہال نسار احمد اور ڈی ایس پی ٹریفک اصغر ملک نے کرگل وکٹری فلیم کو سلامی دی اور گلدستے پیش کرکے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ کرگل فتح مشعل کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے قریب پانچ سو مقامی لوگ ، طلبا اور سابقہ فوجی اس جشن میں موجود تھے۔ کرگل فتح کی یاد میں یہ مشعل بردار ریلی کل بانہال پہنچی تھی اور یہ ریلی یہاں سے کل روانہ ہوکر اگے کے سفر پر روانہ ہوگی۔آخر میں پروگرام میں شامل بچوں ، فوجی ٹکڑیوں ، گلوکاروں ، این سی سی کیڈٹس کو انعامات اور ٹرافیوں سے نوازا گیا۔یہ مشعال بردار ریلی ادھم پور، پٹنی ٹاپ، دھرمنڈ، ارنوڑہ ڈوڈہ ، کشتواڑ، چندر کوٹ، میترہ ، ناچلانہ سے ہوتی ہوئی ہفتے کے روز بانہال پہنچی اور کرگل فتح کی مشعل ریلی 26 جولائی 2022 کو کرگل پہنچے گی ۔

منشیات کے استعمال اور سمگلنگ کا عالمی دن

بانہال اور رامسو میں مختلف بیداری تقریبات

محمد تسکین

بانہال//ضلع رام بن کے باقی حصوں کی طرح سب ڈویژن بانہال اور اکھڑال میں منشیات کے استعمال اور غیر قانونی سمگلنگ کے خلاف عالمی دن کی نسبت سے پروگرام منعقد کئے گئے ۔ ڈگری کالجوں اور ہائر سیکنڈری سکولوں میں ان تقاریب میں ضلع ، سب ڈویژن اور تحصیل حکام پرنسپلوں ، طلبا اور عام لوگوں نے شرکت کی منشیات کی لعنت سے معاشرے کو پاک رکھنے کیلئے پنے عزم کا اعادہ کیا گیا اور اس کیلئے حلف لیا گیا ۔ ماڈل ہائر سیکنڈری سکول بوائز بانہال میں تقریب کی صدارت ایس ڈی ایم بانہال ظہیر عباس نے کی جبکہ زونل ایجوکیشن

آفیسر محمد شفیع گیری ، پرنسپل ہائیر سیکنڈری سکول بوائز بانہال عبدالرشید گیری پرنسپل ہائیر سیکنڈری سکول گرلز بانہال شبیر احمد تانترے اور بچوں کی خاصی تعداد موجود تھی۔ اس کے علاہ اکھڑال ، رام بن اور پولیس پوسٹ کھڑی نے مقامی لوگوں ، بچوں اور پنچایتی نمائندوں کے ہمراہ منشیات اور اس کی سمگلنگ کے خلاف پروگراموں کا انعقاد کیا گیا۔مقررین نے “منشیات کے حقائق شیئر کریں اور زندگیاں بچائیں” کے موضوع پر تفصیلی روشنی ڈالی اور نوجوان نسل میں منشیات کی بڑھتی بدعت پر بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے استعمال اور منشیات کی لت کے نتیجے میں ہمارے سماج اور ہماری اندر نفسیاتی خرابیاں پیدا ہورہی ہیں اور منشیات کی وجہ سے ہمارے معاشرے میں جرائم کا گراف بڑھ جاتا ہے اور امن و امان کی صورتحال بھی بگڑ کر رہ جاتی ہے ۔ منشیات کی بدعت اور سمگلنگ کے عالمی دن پر منعقد پروگراموں میں تمام شرکا نے حلف برداری کی تقریب میں حصہ لیا اور اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ منشیات کی لعنت سے سماج اور نوجوانوں کو دور رکھنے وہ اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

 

 

 

درالعلوم حنفیہ گاگرہ میں سیرت النبیؐ پر کوئز مقابلہ 

گول//دارالعلوم حنفیہ گاگرہ گول کی جانب سے گزشتہ روز نئی اکرمؐ کی سیرت پاک سے متعلق ایک کوئز مقابلہ کا اہتمام کیا گیا جس میں50سے زائد بچوںنے شرکت کی۔حضور اکرمؐ کی سیرت پاک سے متعلق یہ کوئز مقابلہ زیر سرپرستی مفتی قمر الدین رحیمی مہتمم مطلع العلوم کینٹھہ موڑ گول اور زیر نگرانی مفتی آفتاب رشید مہتمم دارلعلوم گاگرہ منعقد ہوا۔ سیریت ِ نبیؐ کوئز مقابلہ میںعلمائے کرام مفتی محمد یوسف، مولوی نوشاد ملک، حافظ غلام نبی ملک ،قاری سجاد رحیمی ،مولوی الطاف چندیل اورحافظ شفیع نے بھی شرکت کی۔ علاوہ ازیںگائوںگاگرہ کی معزز شخصیات مشتاق سہمت ،اسد اللہ ،مشتاق احمد شیخ ،فاروق احمد سہمت عبدالرشید سہمت ،محمد رفیع سہمت ،مسطور سہمت ،شفیع احمد شیخ ،غلام نبی سہمت ودیگر افراد نے بھی شمولیت کی۔اِ س موقعہ مفتی قمر الدین نے معززین سے خطاب فرمایا، اپنے خطاب کے دوران مفتی موصوف نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت پر روشنی ڈالی ،اختتام پر دارلعلوم حنفیہ کے مہتمم مفتی آفتاب رشید نے تمام مہمانان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ درالعلوم حنفیہ کی جانب سے آئندہ آنے والے وقت میںبھی اِس طرح کے سیرتی پروگرام منعقد کئے جائیں گے جس سے نسل نو کو دینی تعلیمات اور بالخصوص سیرت پاک ؐ سے آگاہی فراہم کی جائے گی۔ مفتی آفتاب رشید کا کہنا تھا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ اِس دورِ پر فتن میں ہم دینی تعلیمات کو عام کرنے میںاپنا عملی کردار نبھائیں اور بالخصوص آقائے نامدار حضرات محمد مصطفیؐ کی سیرت پاک کو عام کیا جائے۔ مفتی آفتاب نے کہا کہ سیرت پاک سے متعلق جس کوئز مقابلے کا اہتمام کیا گیا چند دن بعد اْس کے نتائج برآمد ہونگے جس کے بعد حصہ لینے والے طلباء میںسے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوںکو اعزاز سے نوازا جائے گا۔