مشکوک نقل و حرکت کا الزام؛ احمد آباد میں 4 کشمیری نوجوان گرفتار

File Photo

احمد آباد// احمد آباد کرائم برانچ اور سٹی پولیس نے نریندر مودی سٹیڈیم کے قریب مشکوک نقل وحرکت کی وجہ سے موتیرا علاقے سے چار کشمیری نوجوانوں کو حراست میں لیا ہے۔
کرائم برانچ کے ڈپٹی کمشنر چیتنیا منڈلیک نے میڈیا کو بتایا کہ کرائم برانچ کی ٹیم اور مقامی پولیس نے موٹیرا علاقے سے چار کشمیری نوجوانوں کو پیر کی دیر رات نریندر مودی سٹیڈیم کے قریب مشکوک نقل و حرکت کرتے ہوئے پایا اور اُنہیں حراست میں لے لیا۔
افسر نے بتایا کہ چاروں نوجوان بڈگام کے رہنے والے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ احمد آباد آنے کے بارے میں ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق نوجوان سٹیڈیم کے قریب ایک ایسے علاقے میں پائے گئے تھے جہاں عام شہریوں کو جانے کی اجازت نہیں ہے۔ ادھر گزشتہ دنوں وہ پالن پور کے علاقے کی ایک مسجد میں گئے اور وہاں قیام بھی کیا۔ اس بار احمد آباد پہنچنے کے بعد نوجوان حج ہاوس میں بھی گئے تھے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس کو ان کی نقل و حرکت پر شبہ تھا کیونکہ متعلقہ سٹیڈیم میں آج بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی20 انٹرنیشنل مقابلہ ہونا ہے۔ دونوں ٹیمیں پہلے ہی شہر میں پہنچ چکی ہیں اور سٹیڈیم میں پریکٹس کر رہی ہیں۔