غزہ پر اسرائیلی حملوں میں 32 افراد ہلاک، متعدد زخمی

یواین آئی

یروشلم// غزہ کی پٹی پر جمعہ کی صبح اسرائیلی فوج کے حملے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 32 ہو گئی ہے۔
انکلیو کی وزارت صحت نے یہ اطلاع دی۔
اس سے قبل العربیہ براڈ کاسٹرنے فلسطینی وزارت صحت کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیلی حملوں میں چھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
وزارت نے ایک بیان میں کہا، “جنگ بندی کے خاتمے کے تین گھنٹے کے اندر اسرائیلی قبضے کے قتل عام کے متاثرین کی تعداد بڑھ کر 32 ہو گئی۔”اس میں کئی لوگوں کو مختلف سطح کے زخم آئے۔ جاں بحق اور زخمیوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔
اس سے پہلے دن میں، اسرائیل کی دفاعی افواج نے کہا کہ حماس نے انسانی ہمدردی کے وقفے کو توڑ دیا ہے، جس سے اسرائیل کو دوبارہ لڑائی شروع کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔
وال اسٹریٹ جرنل نے جمعرات دیر رات اطلاع دی کہ دونوں فریقوں نے عارضی انسانی توقف کو آٹھویں دن تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
تاہم ابھی تک کوئی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ تازہ ترین جنگ بندی آج مقامی وقت کے مطابق صبح 7:00 بجے ختم ہوگئی۔
اسرائیل اور حماس کے درمیان ایک ہفتے کی جنگ بندی کی مدت ختم ہونے کے فوراً بعد اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ کو دوبارہ نشانہ بناتے ہوئے پوری شدت کے ساتھ حملے شروع کر دیے۔ اسرائیلی فضائی حملوں میں جنوبی غزہ کو نشانہ بنایا گیا، جس میں خان یونس کے شہر کے مشرق میں اباسان کمیونٹی آباد ہے۔ ایک اور اسرائیلی فضائی حملے میں غزہ شہر کے شمال مغرب میں ایک مکان کو نشانہ بنایا گیا۔ جنوبی غزہ کی پٹی میں مسلسل دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور علاقے سے سیاہ دھویں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔
اسرائیل میں بھی غزہ سے متصل تین علاقوں میں سائرن کی آواز سنی گئی اور راکٹ حملے کی وارننگ دی گئی۔ علاقے کے لوگوں کو خبردار کیا گیا کہ حماس نے بھی اپنے حملے دوبارہ شروع کر دیے ہیں۔
اسرائیلی فوج کے نئے حملوں کے اعلان اور ایک ہفتے کی عارضی جنگ بندی آج صبح سات بجے ختم ہونے کے صرف آدھے گھنٹے بعد اسرائیل نے غزہ پر حملے شروع کر دیے۔ دونوں طرف سے جنگ بندی کی مدت 24 نومبر کو شروع ہوئی تھی اور آج صبح 7 بجے ختم ہو گئی۔
غزہ کی 23 لاکھ کی بیشتر آبادی اب جنوبی غزہ میں پھنس گئی ہے اور وہاں سے نکلنے کے راستے تلاش کر رہی ہے۔ اس سے قبل اسرائیلی فوج نے اپنی شروعاتی بمباری کے دوران ہزاروں افراد کو شمالی غزہ سے نقل مکانی کا حکم دیا تھا۔
اسرائیل اور غزہ کے درمیان 7 اکتوبر سے جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک 16 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اسرائیل کی جوابی کارروائی میں چھ ہزار سے زائد بچوں سمیت کم از کم 15 ہزار فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔