تعلیم عام کرو کا کہ پورہ میں شہری نے ڈول بجا کر بیدار ی مہم چلائی

پلوامہ//سید اعجاز//جنوبی کشمیر کے کاکہ پورہ پلوامہ میں ایک50سالہ بزرگ اس وقت لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا،جب انہوں نے ڈول بجاکرعلاقے میں لوگوںکو تعلیم عام کرنے کی طرف توجہ مبذول کرائی۔مذکورہ شہری نے ہائر سکنڈری سکول کے گیٹ پر بیٹھ کر کچھ طلاب کے بچوں کی پالش کی جبکہ ایک مقامی درس گاہ میں بچوں میں انڈے تقسیم کئے۔
 
 

بسکو اور میلنسن سوسائٹی وفد کی مشیر سے ملاقات 

جموں//ٹینڈل بسکو اور میلنسن سوسائٹی کے ایک وفد نے سول سیکریٹریٹ میں لفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان کے ساتھ ملاقات کی ۔ ڈاکٹر پی کے سمنتا رائے کی سربراہی میں آئے اس وفد میں پرویز کول ، ایوب ڈینیل ، ادھے سنگھ ، آفتاب شاہ اور آفتاب حسین شامل تھے ۔ وفد نے جموں کشمیر میں تعلیمی سیکٹر سے جُڑے کئی معاملات مشیر موصوف کی نوٹس میں لائے ۔ مشیر نے تمام مسائل پر غور کرنے کا یقین دلایا ۔ اس موقعہ پر فاروق خان نے کہا کہ ٹینڈل بسکو اور میلنسن نے تعلیم کے شعبے میں ایک باہم رول ادا کیا ہے ۔ انہوں نے سوسائیٹی کے ممبران سے تلقین کی کہ وہ مجموعی طور تعلیمی نظام میں بہتری لانے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں ۔
 
 
 

فاروق خان نے جموں میں ایمپلایمنٹ کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھا 

تعمیراتی کام کے معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت

جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے توپ شیر خان کے منی سیکریٹریٹ اور ایمپلائمنٹ کمپلیکس کا سنگِ بنیاد رکھا ۔ کمشنرسیکرٹری محنت و روز گار سوربھ بھگت ، لیبر کمشنر جے اینڈ کے عبدالرشید وار اور دیگر افسران اُن کے ہمراہ تھے ۔ اس موقعہ پر فاروق خان نے کہا کہ یہ کمپلیکس جموں کشمیر کے بے روز گار نوجوانوں کیلئے مفید ثابت ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس کمپلیکس میں نوجوانوں کو بیرون ممالک میں روز گار کے موقعوں کے بارے میں بھی جانکاری دی جائے گی ۔ بعد میں مشیر موصوف نے کمپلیکس کی تعمیر کی جگہ کا معائینہ کیا اور تعمیراتی کام میں معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت دی ۔ کمشنر سیکرٹری نے اس موقعہ پر مزید کہا کہ کمپلیکس کو تمام سہولیات سے لیس کیا جائے گا ۔ 
 
 

 محنت و روز گار محکمہ کا سالانہ کلینڈر اجرا

جموں//لفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے محنت و روز گار محکمہ کے 2020 کے کلینڈر کی رسمِ اجرائی انجام دی ۔ اس موقعہ پر کمشنر سیکرٹری محنت و روز گار سوربھ بھگت ، لیبر کمشنر جے اینڈ کے اور مشیر کے او ایس ڈی محمد اشرف حکاک کے علاوہ دیگر افسران موجود تھے ۔ کلینڈر میں لیبر قوانین اور مزدوروں کے حقوق کے بارے میں جانکاری دی گئی ہے ۔ مشیر موصوف نے لیبر قوانین کے بارے میں زیادہ سے زیادہ تشہیر پر زور دیا ۔ 
 
 

سونہ مرگ گمری سڑک سے برف ہٹانے کا کام جاری

گاندربل//ترقیاتی کمشنرگاندربل شفقت اقبال نے ایک دورے کے دوران سرینگرسونہ مرگ گُمری شاہراہ پر برف ہٹانے کے کام کاجائزہ لیا۔اس موقعہ پر بیکن نے ترقیاتی کمشنر کو سونہ مرگ سے کیپٹن موڑ تک برف ہٹانے کے کام کے علاوہ سڑک کی صورتحال کے بارے میںجانکاری دی۔انہوںنے بیکن حکام کو برف ہٹانے کے لئے کئے جارہے اقدامات میں سرعت لانے کی ہدایت دی تاکہ سڑک کو جلد از جلد سونہ مرگ تک قابلِ آمدورفت بنایاجاسکے۔دریں اثناء ترقیاتی کمشنر نے افسران کی ایک میٹنگ میں مارچ کے دوسرے ہفتے میںمنعقد ہونے والے اپنی نوعیت کے پہلے سنو فیسٹول کے لئے کئے جارہے اقدامات کا جائزہ لیا۔فیسٹول کا اہتمام ضلع انتظامیہ کی طرف سے کیا جارہا ہے۔ترقیاتی کمشنر نے افسران پر زوردیا کہ وہ سونہ مرگ میں زمینی صورتحال کاجائزہ لینے کے علاوہ مختلف کاموں کی عمل آوری اورتکمیل کو یقینی بنائیں۔
 
 
 

بانڈی پورہ گریزشاہراہ ہنوزبرف سے ڈھکی ہوئی ہے 

سرینگر//گریزبانڈی پورہ شاہراہ ہنوزبرف سے ڈھکی ہوئی ہے اور باڈرروذآرگنائزیشن کی جا نب سے ابھی تک شاہراہ سے برف ہٹانے کیلئے کسی بھی طرح کی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی ہے جس کے نتیجے میں سرحدی علاقہ گریزمیں حیات بخش ادویات سبزیاں اورکھانے پینے کی اشیاء کی قلت بھی بتائی جارہی ہے ۔مقامی لوگوں نے کہاکہ مواصلاتی نظام بھی ٹھپ ہوچکاہے جس کی وجہ سے صارفین پریشانیوں کاشکارہیں ۔اگرچہ انتظامیہ کوباربارگریزمیں بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی،ادویات اوردوسرے اشیاء کی قلت کے بارے میں آگاہ کیاگیا تاہم لوگوں کواپنے حال پرہی چھوڑ دیاہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق بانڈی پورہ گریزشاہراہ بندرہنے کی وجہ سے کئی ہائرسیکنڈری سکول ابھی نہیں کھلے۔ 
 

نیشنل کانفرنس کاکولگام میں زمین دھنسنے کے واقعات پر اظہارِ تشویش

سرینگر//نیشنل کانفرنس نے ضلع کولگام کے کئی دیہات میں زمین دھنس جانے سے رہائشی مکانوں اور سکولی عمارت دھنس جانے پر زبردست دکھ کا اظہار کیا ہے اور متاثرین کیساتھ اظہارِ یکجہتی کیاہے۔ پارٹی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کولگام کے یاری کھاہ، گوجر پورہ، وانی پورہ، مارکی بل اور وانی کھورو نامی دیہات میں زمین دھنس جانے سے دو درجن مکانوں، سکولی عمارت اور سڑک دھنس جانے سے مقامی لوگوں میں زبردست تشویش لاحق ہوگئی ہے۔ کئی مکانوں میں شکاف پڑ گئے ہیں اورکئی مکان رہائش کے قابل نہیں رہے ہیں۔پارٹی نے انتظامیہ پر زور دیا کہ متاثرہ کنبوں کے عارضی قیام و طعام کیلئے ضروری انتظامات کئے جائیں ۔
 

سیاسی قیادت کی رہائی عمل میں لائی جائے :پی ڈی پی یوتھ ونگ

سرینگر//پی ڈی پی نے جموں کشمیر میں جمہوری عمل کو آئینی بنیادوں پر جاری رکھنے کیلئے سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سمیت دیگر سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔پارٹی کی یوتھ ونگ کے اہتمام سے ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں کئی پارٹی ورکروں نے شرکت کی۔اجلاس میںیوتھ ونگ کے ضلعی اور زونل صدور کے علاوہ زون ٹنگمرگ کے نوجوان لیڈروں بالخصوص جنرل سیکریٹری یوتھ ونگ محسن قیوم اور عارف لائیگرو نے شرکت کی ۔ جنرل سیکریٹری محسن قیوم نے پارٹی کو ہر سطح پر مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں نوجوان طبقہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے نوجوانوں کو پی ڈی پی میں جوق در جوق شامل ہونے کامشورہ دیتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی کی اعلیٰ قیادت قید خانوں کی زینت بنانے کے باوجود بھی کشمیری عوام کے احساست اور جذبات کی ترجمانی کرتے ہیں۔
 

کولگام میں گیس سلنڈر چرانے کی پاداش میں دو افراد گرفتار 

کولگام// پولیس نے کولگام میں دو چوروں کو اُس وقت گرفتار کر لیا جب وہ ہندوستان پٹرولیم کے گودام سے گیس سلنڈر چرارہے تھے۔ پولیس کے ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ دیوسر کولگام میں دو افراد ایچ پی کے گودام میں گھس گئے اور 6 گیس سلنڈر چرا کر اپنی ماروتی گاڑی میں ڈال دئے۔ پولیس نے اطلاع ملتے ہی گاڑی ضبط کی اور 6 گیس سلنڈر ضبط کئے۔ پولیس افسر نے چوروں کی شناخت ارشاد احمد شیخ اور اشتیاق احمد یتو کے بطور کی اور کہا کہ دونوں ملزموں کے خلاف کیس درج کیا گیا۔ (کے این ٹی)
 

کلاروس فوجی کیمپ میں آگ،اہلکار زخمی

سرینگر// کلاس روس کپوارہ کے تنگی بل علاقے میں منگل کو شام دیر گئے ایک فوجی کیمپ سے آگ نمودار ہوئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے کیمپ کواپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ذرائع نے بتایا کہ آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران ایک فوجی زخمی ہوا جسے علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا۔
 
 
 
 
 
 
 
علالت کے باعث ملک اوربخشی کے بیان قلمبند نہیں کئے جاسکے
 سرینگر//1990میں سرینگر میںفضائیہ اہلکاروں کی ہلاکت اور ڈاکٹر روبیعہ سعید کی اغواکاری کے معاملے میں لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک اور شوکت بخشی کے بیانات منگل کو اُن کی ناسازصحت کی بناپر ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ٹاڈا عدالت میںقلمبند نہیں کئے جاسکے ۔کے این ٹی کے مطابق جموں کی ٹاڈا عدالت میں 30سال قبل سرینگرمیں فضائیہ اہلکاروں کی ہلاکت اور ڈاکٹر روبیہ سعید کی اغواکاری کے معاملے کی سماعت ہوئی۔ عدالت میںجموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک جو اِس وقت تہاڑ جیل میں نظربند ہے، کا بیان ویڈیو کانفرنس کے ذریعے قلمبندنہیں کیا گیا۔لبریشن فرنٹ کے ایک اور لیڈر شوکت احمد بخشی جو اس وقت امبیڈکر نگر اتر پردیش کے جیل میں ہے ،کا بیان بھی ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ریکارڈ نہیںکیا گیا۔  جیل حکام نے عدالت کو بتایاکہ اِن کی صحت ناساز ہے۔ان کیسوں میں پولیس نے محمد یاسین ملک اور شوکت بخشی کے علاوہ، جاوید احمد میر، وجاہت بشیر قریشی، محمد سلیم ننھا جی، جاوید احمد زرگر، منظور احمد صوفی ، انجینئرعلی محمد میر، محمد اقبال گندرو، محمد زمان میر اور معراج احمد شیخ کوملزم ٹھہرایا ہیں۔ ان ملزمین کی طرف سے سپریم کورٹ کے سینئرایڈوکیٹ محمد اسلم گھونی اور ایڈوکیٹ یوگیش بحشی پیش ہوئے جنہوں نے عدالت کے سامنے اپنے دلائل پیش کئے۔ عدالت نے اس کیس کی اگلی شنوائی 10مارچ کومقرر کی ۔
 
 
 
کشمیرکی صورتحال پرOIC کوتشویش
اسلام آباد//اسلامی ممالک کی تنظیم کشمیرکی صورتحال پر متفکر ہے اوراس کا حل اِس کے ایجنڈا پر سرفہرست ہے۔اس بات کااظہار اسلامی ممالک کی تنظیم کے جنرل سیکریٹری کے خصوصی ایلچی برائے جموں کشمیریوسف الدوبے نے پاکستان کے وزیرخارجہ کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔دوبے نے کہا کہ اسلامی ممالک کی تنظیم کو کشمیر کے حالات پر تشویش ہے ۔ریڈیو پاکستان کے مطابق دوبے نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ہمارے دلوں میں ہیں اورتمام ممبر ممالک اس مسئلہ پر یک زبان ہیں ۔کشمیراور فلسطین مسئلہ کاحل اسلامی ممالک کی تنظیم کے ایجنڈے میں سرفہرست ہیں ۔دوبے نے کہا کہ پاکستان کی درخواست پر اسلامی ممالک کی تنظیم کاخصوصی اجلاس طلب کیاگیا جب بھارت نے گزشتہ سال5اگست کوجموں کشمیرکاخصوصی درجہ ختم کیا۔انہوں نے کہا کہ وہ کشمیرکی صورتحال پر سیکریٹری جنرل کو تفصیلی رپورٹ واپسی پر پیش کریں گے ۔اس سے قبل شاہ محمودقریشی وزیرخارجہ پاکستان نے کہا کہ اسلامی ممالک کی تنظیم کے جنرل سیکریٹری کو کشمیرکی صورتحال کے بارے میں مفصل جانکاری دی گئی ۔ اس سے قبل اسلامی ممالک کی تنظیم ’او آئی سی‘ کے سیکریٹری جنرل کے خصوصی سفیر برائے جموں کشمیریوسف محمدالدوبے پانچ رکنی وفد کے ہمراہ پاکستان کے5روزہ دورے پر پہنچ گئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وفد پاکستانی حکام سے ملاقات کرے گا اور پاکستانی حکام اُنہیں کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کی جانکاری بھی دیں گے۔ پاکستانی دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ خصوصی سفیر اور ان کی ٹیم کے اراکین حدمتارکہ کا دورہ کریں گے تاکہ وہ بھارت کی فائرنگ سے ہونے والے جانی و مالی نقصان سے متعلق براہ راست معلومات حاصل کرسکیں۔پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق اس دورے کی خاص اہمیت ہے اور یہ او آئی سی وزرائے خارجہ اور چوٹی اجلاسوں میں پیش کی گئی قراردادوں میں شامل مسئلہ کشمیر پر ایک واضح پیغام کی توثیق ہے۔پاکستانی دفتر خارجہ کے بیان میں کشمیر پر او آئی سی کی حمایت کے بارے کہا گیا کہ 1994 سے جموں کشمیر کے لیے مسلم ممالک کے 57 اراکین کا ایک رابطہ گروپ وقف ہے۔بیان کے مطابق ’کشمیری اور پاکستان کے عوام بین الاقوامی سطح پر جموں و کشمیر کے مقصد کی حمایت میں او آئی سی کے کردار کی قدر کرتے ہیں‘۔
 
 
 فائرنگ وبارودی سرنگ دھماکہ
مینڈھر اور نوشہرہ میں 2فوجی زخمی 
راجوری //جاوید اقبال +رمیش کیسر //مینڈھر اور نوشہرہ کے سرحدی علا قوں میں ہندو پاک افواج کے مابین ہوئی گولہ باری اور بارودی سرنگ دھماکے میں 2فوجی اہلکار زخمی ہو گئے  ۔نوشہرہ کے سرحدی علا قوں جھنگڑ اور سیر مکھڑی میں پیر اور منگل کی درمیانی شب دونوں ملکوں کی افواج کے مابین گولہ باری کا تبادلہ ہو ا جس کے دوران 1فوجی اہلکار زخمی ہو گیا ۔ادھرسب ڈویژن مینڈھر اور منکوٹ میں پیر اور منگل کی درمیانی 3:30 بجے سے 5بجے تک شدید گرلہ باری ہوئی ۔فائرنگ کے دوران کئی گولے دیہات میں بھی پڑے تاہم کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں ۔ادھر نو شہرہ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر اگلی چوکی میں تعینات ایک فوجی اہلکار اس وقت شدید زخمی ہوا جب زیر زمین بچھائی گئی باردودی سرنگ پھٹ گئی۔اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
 
 
بجلی فیس کی ادائیگی میں راحت 
3کے بجائے 12اہ کا وقت دیا جائے:تاجر
سرینگر//کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈ ریشن ( کے ٹی ایم ایف) نے سرکار سے اپیل کی ہے کہ بجلی فیس کی ادائیگی میں دی گئی راحت میں 3ماہ کے وقت کو بڑھا کر 12ماہ کیا جائے ،تاکہ تاجروں کے علاوہ عام لوگوں کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ کے این ایس کے مطابق کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈ ریشن ( کے ٹی ایم ایف) نے لیفٹنٹ گورنر سے اپیل کی ہے کہ بجلی فیس کی ادائیگی میں دی گئی راحت کی معیاد کو3ماہ کے بجائے9سے 12ماہ تک کیا جائے تاکہ تاجر طبقے کے علاوہ عام لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔تنظیم کے موجودہ صدر منظور احمد نے کہا کہ کار وبار ٹھپ ہے جبکہ عام لوگ بھی کام کاج سے محروم ہیں جس کے نتیجے میں لوگ اس قلیل مدت میں وسائل کی عدم موجودگی کے باعث یہ فیس ادا نہیں کر سکیں گے ۔انہوں نے بتایا یہ ایک اچھا قدم ہے تاہم اہم سرکار خاص کرلیفٹنٹ گورنر سے اس بارے میں اپیل کرتے ہیں کہ  بجلی فیس کی ادائیگی کی مدت کو3کے بجائے 9سے 12ماہ تک کیا جائے تاکہ عام لوگوں کے علاوہ کارو باری طبقہ بھی یہ فیس آسانی کے ساتھ ادا کر سکے ۔ 
 
 
 
 ملازم پر جان لیواحملہ
بانڈی پورہ اورسمبل میں عدلیہ ملازمین کااحتجاج
بانڈی پوہ // عازم جان//سمبل عدالت کے ایک ملازم کونامعلوم افراد نے ڈیوٹی سے واپس گھر جاتے ہوئے شدیدزدکوب کیا جس کی وجہ سے وہ زخمی ہوااوراس کااسپتال میں آپریشن کیا گیا۔اس واقعہ کے خلاف بانڈی پورہ اور سمبل کی عدالتوں میں ملازمین نے کام کاج کا بائیکاٹ کرکے احتجاج کیا،تاہم پولیس کی طرف سے اُنہیں حملہ آور کوگرفتار کئے جانے کے بارے میں مطلع کرنے پر انہوں نے احتجاج ختم کیا۔معلوم ہوا ہے کہ سمبل عدالت کا تقدیراحمدحجام نامی ایک ملازم پیر کوکام کے بعدگھرواپس جارہاتھااورراستے میں اُس پر گھات لگاکر حملہ کیاگیااور اس کی ہڈی پسلی ایک کردی گئی۔مذکورہ ملازم کو سرینگر کے جے وی سی اسپتال علاج کیلئے لایا گیا جہاں اس کاآپریشن کیاگیا۔اس واقعہ کیخلاف سمبل اور بانڈی پورہ کی عدالتوں کے ملازمین نے زبردست احتجاج کرتے ہوئے اس حملے میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔احتجاج کے دوران ایس ڈی پی او،بانڈی پورہ اورایس ایچ او سمبل موقعہ پر پہنچ گئے اور انہوں نے احتجاجی ملازمین کو مطلع کیا کہ ایک حملہ آور کو گرفتار کیاگیا ہے جبکہ دوسرے کی تلاش جاری ہے اوراُسے بھی جلد ہی گرفتار کیاجائے گا۔پولیس کی اس یقین دہانی کے بعد عدلیہ کے ملازمین نے ہڑتال اوراحتجاج ختم کیا۔  
 
 
محکمہ بجلی کاایک اور عارضی ملازم
 کرنٹ لگنے سے لقمہ اجل، سانبورہ میں صف ماتم 
پلوامہ//سید اعجاز// محکمہ بجلی کا ایک عارضی ملازم کھنموہ علاقے میں کرنٹ لگنے سے لقمہ اجل بن گیا ۔ کرناہ بل سانبورہ سے تعلق رکھنے والا محکمہ بجلی کا عارضی ملازم 30سالہ محمد اشرف ڈار ولد غلام احمد ڈار کھنموہ علاقے میں دوران ڈیوٹی ترسیلی لائن کی مرمت کر رہاتھا جس دوران برقی رو بحال ہوئی اور اسے شدید جھٹکا لگا اور وہ شدید زخمی ہوا۔اس دوران بری طرح زخمی نوجوان کو سرینگر منتقل کیا گیا تاہم وہ بعد میں زخموں کی تاب نہ لا کر منگل کی صبح دم توڑ بیٹھا ۔ اس دوران جب مہلوک نوجوان کی لاش انکے آبائی گھرسانبورہ لائی گئی تو یہاں کہرام مچ گیا۔پولیس نے واقعے کے حوالے سے کیس درج کر کے تحقیقات شروع کی ہے ۔