گاندربل میں شبانہ آتشزدگی، تین دوکانیں خاکستر

ارشاد احمد

گاندربل //وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے علاقہ باروسہ میں شبانہ آتشزدگی کی واردات میں تین دکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں ہیں۔
پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب باروسہ علاقے میں واقع ایک دکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے تیزی سے پھیلتے ہوئے ملحقہ مزید دو دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ آتشزدگی کی واردات میں تین دوکانیں اور ان میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا سامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا ہے۔
محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پالیا اور مزید نقصان ہونے سے روک لیا گیا۔تاہم آتشزدگی کی واردات میں تین دوکانیں خاکستر ہوگئیں۔
پولیس زرائع نے بتایا کہ بجلی کے شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگی تھی۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ اس معاملے کا نوٹس لے لیا گیا ہے اور مزید تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔