کٹھوعہ سڑک حادثے میں ایک ہی کنبہ کے 3 افراد ازجان

جموں// جموں وکشمیر کی سڑکوں پر موت کا خونین رقص تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا ہے۔
ضلع کٹھوعہ میں بدھ کی شام ایک دلخراش سڑک حادثے میں ماں بیٹے سمیت ایک ہی کنبے کے تین افراد جان بحق جبکہ دو دیگر زخمی ہوگئے۔
ذرائع نے بتایا کہ کٹھوعہ کے بنی علاقے میں بدھ کی شام ایک گاڑی جس میں ایک ہی کنبے کے پانچ افراد سوار تھے، ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہوکر قریب تین سو فٹ گہرے نالے میں جا گری جس کے نتیجے میں دو افراد کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ دیگر تین افراد کو فوری طور نکال کر علاج و معالجے کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان میں سے ایک زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا۔
متوفین کی شناخت 40 سالہ مونیکہ گپتا زوجہ سنجے گپتا،45 سالہ شیکھر ولد رام لال اور 11 سالہ سدارتھ گپتا ولد سنجے گپتا ساکنان آر ایس پورہ جموں کے بطور ہوئی ہے۔
زخمیوں کی شناخت 18سالہ برباتھ گپتا ولد پون گپتا اور 40 سالہ روبی گپتا زوجہ راجیش گپتا ساکنان آر ایس پورہ جموں کے طور پر ہوئی ہے دونوں زخمی گورنمنٹ میڈیکل کالج کٹھوعہ میں زیر علاج ہیں۔