پونچھ میں ایل او سی پر 3 کلو منشیات برآمد، 3 افراد گرفتار

عشرت حسین بٹ

پونچھ//ضلع پونچھ کے سرحدی گاوں دیگوار میں سرچ آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے تقریباً 3 کلو منشیات (ہیروئن) جیسا مادہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جس دوران تین افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔
ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ دیگوار سرحدی سیکٹر کے مالدیالیاں علاقے میں تلاشی مہم شروع کی گئی جس دوران جھاڑیوں میں چھپائے گئے منشیات کے پیکٹ برآمد کئے گئے۔
انہوں نے بتایاکہ علاقہ سے تقریباً 3 کلو گرام منشیات (ہیروئن) برآمد کی گئی ہے۔
افسر نے بتایا کہ ابتدائی چھان بین کے دوران تین مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں تحقیقات اور علاقے میں تلاشی کاروائی ابھی جاری ہے۔
اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔