ہندواڑہ میں 2ہائبرڈ ملی ٹینٹ گرفتار، اسلحہ برآمد:پولیس

سری نگر//جموں و کشمیر پولیس نے جمعہ کو ضلع کپواڑہ کے ہندواڑہ علاقے میں 2 ہائبرڈ جنگجووں کو گرفتار کرنے اور ان کے قبضے سے ہتھیار اور گولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی- کشمیر نیوز آبزرور (کے این او) نے سرکاری زرائع کے حوالے سے بتایا،ـ” پولیس، فوج کی 21آر آر اور 92 بٹالین سی آر پی ایف کی مشترکہ پارٹیوں نے ہندواڑہ میں 2ہائبرڈ جنگجووں کو گرفتار کیا اور ان کے قبضےسے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا”۔
پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ یو اے پی اے اور آرمس ایکٹ کے تحت پولیس تھانہ ہندواڑہ میں مقدمہ درج کیا گیا اور تحقیقات کا آغاز کیا گیا ۔
پولیس بیان کے مطابق، تفتیش کے دوران ہوئے انکشافات کی بنیاد پر عسکریت پسندی کی کارروائیوں کی سازش میں ملوث مزید دو افراد کا کردار سامنے آیا ،جن کی شناخت اعجاز احمد بٹ عرف ہلال، ولد خضر محمد بھٹ سکنہ ہم پورہ اور نصیر احمد میر ولد محمد رمضان سکنہ ساگی پورہ کے طور ہوئی۔
اُنہوں نے بتایاکہ “انہیں گرفتار کیا گیا ہے اور ان کے انکشاف کی بنیاد پر، جموں و کشمیر پولیس، فوج اور سی آر پی ایف کی ایک مشترکہ ٹیم نےاسلحہ اور گولہ بارود کا ایک ذخیرہ برآمد کیاہے۔
اسی دوران برآمد اسلحہ میں 02پستول، 04 پستول میگزین اور 58 پستول کے راؤند اور 06دستی بم شامل ہیں۔
معاملے کی مزید تفتیش ابھی جاری ہے۔