ہندوارہ میں آگ کی ہولناک واردات  | 5 دکانیں، 3گودام، 40سے زیادہ سبزی ریڈے خاکستر

سرینگر// ہندوارہ کے سبزی مارکیٹ میں گذشتہ شب ساڑے نو بجے کے قریب سبزی مارکیٹ اولڈ بس اسٹینڈ میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں 5 دکانیں، 3 گودام،40سے زائد سبزی ریڈے خاکسترہو گئے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہندوارہ نے بتایا کہ انہوںنے افسران کی ایک ٹیم کے ہمراہ علاقے کا دورہ کر کے نقصان کا تخمینہ لگانے کا م شروع کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک مفصل رپورٹ تیار کر کے اعلیٰ حکام کو روانہ کیا جائے گا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ محکمہ فائر اینڈ ایمر جنسی محکمہ کی بھر وقت کارروائی کی وجہ سے آگ پر قابو پا لیا گیا ورنہ بڑے پیمانے پر تباہی کا اندیشہ تھا ۔اس دوران یہاں آگ بجھانے میں فوج، پولیس اور مقامی نوجوانوں نے بھی قابل تعریف کام کیا جس کی وجہ سے آگ پر قابو پا لیا گیا ہے ۔ محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی خدمات کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ہندوارہ کے پرانے بس اڈے کے نزدیک سبزی مارکیٹ میں اتوار کی رات کو قریب ساڑھے نو بجے آگ نمودار ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ آگ لگنے کے ساتھ ہی محکمہ اپنے عملہ اور سازوسامان  لے کر موقع پر پہنچ گیا اور آگ کو مزید پھیلنے سے روکا گیا۔تاہم آگ لگنے کی فوری طور پر وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں۔ 
 
 

 چودھری رمضان کا آتشزدگان سے اظہار ہمدردی

سرینگر// نیشنل کانفرنس نے ہندوارہ میں دورانِ شب آتشزدگی کی ایک ہولناک واردات میں کئی دکانوں اور 30کے قریب سبزی سٹالوں کے خاکستر ہونے پر صدمے کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی کے سینئر لیڈر چودھری محمد رمضان نے متاثرہ آتشزدگان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ پر زور دیا کہ ان کی بازآبادکاری اور امدادکاری کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ اس کے علاوہ متاثرین کو کم شرحوں پر قرضے فراہم کئے جائیں تاکہ وہ اپنا کاروبار پھر سے شروع کر سکیں۔