رام بن میں کویڈ ٹیکہ کاری اور جانچ کا عمل جاری

ایس او پیز کا سختی سے نفاذ، خلاف ورزی پر جرمانہ

رام بن// ضلع امیونائزیشن آفیسررام بن ڈاکٹرسریش کے مطابق محکمہ صحت کی ٹیموں نے جمعرات کو 15سے17 سال کی عمر کے 683 بچوں سمیت 806 لوگوں کو کویڈ ویکسین کا ٹیکہ لگایا، جن میں میڈیکل بلاک بانہال میں 80، بٹوت میں 298، اکھڑال میں 172 اور گول میں 133شامل ہیں۔دریں اثنا پورے ضلع رام بن میں کووڈ پروٹوکول کو نافذ کرنے کے لیے نافذ کرنے والی مہم کو جاری رکھتے ہوئے، انفورسمنٹ ٹیموں نے خلاف ورزی کرنے والوں کو چہرے کے ماسک پہنے بغیر گھومنے اور جسمانی فاصلہ برقرار نہ اپنے اپنے دائرہ کار میں معائنہ کے دوران 1ہزار روپے جرمانہ وصول کیا، تفصیلات کے مطابق یکم اپریل 2021 سے اب تک جرمانے کی کل رقم 79 لاکھ 48 ہزار  300 روپے وصول کی گئی۔ انفورسمنٹ افسران نے لوگوں سے چہرے کے ماسک پہننے اور جسمانی فاصلہ برقرار رکھنے کے علاوہ اپنے قریبی کویڈ ٹیکہ کاری مراکز پر کوویڈ ویکسین کی خوراک لینے کی تاکید کی۔ چیف میڈیکل آفیسر رام بن ڈاکٹر محمد فرید بھٹ کی طرف سے جاری کردہ روزانہ بلیٹن کے مطابق، محکمہ صحت نے 1687 نمونے اکٹھے کیے جن میں 393آر ٹی-پی سی آر اور 1294 آر اے ٹی نمونے شامل ہیں، اس کے علاوہ ضلع میں مخصوص ویکسی نیشن مراکز میں 806 افراد کو کووڈ ویکسین دی گئی۔
 
 

برفباری و بارشوں سے بنیادی نظام درہم برہم 

سیاسی و سماجی شخصیات نے ہنگامی اقدامات کرنے پر زور دیا 

اشتیاق ملک 
ڈوڈہ //ڈوڈہ خطہ میں پچھلے تین روز سے جاری بارشوں و برفباری سے پیدا عوامی مسائل کا اولین ترجیحات پر حل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے متعدد سیاسی و سماجی شخصیات نے اپنے الگ الگ پیغامات میں ایل جی انتظامیہ سے پانی،بجلی و سڑک رابطوں کی بحالی کیلئے موثر اقدامات کرنے کی مانگ کی ہے۔ اپنے الگ الگ پیغامات میں سابق ایم ایل سی نریش کمار گپتا،نیشنل کانفرنس لیڈر ریاض احمد زرگر، بی ڈی سی چیئرمین کاہرہ فاطمہ چوہدری، پی ڈی پی لیڈر طالب حسین بٹ، نیشنل کانفرنس لیڈر شمیم بٹ نے کہا کہ برفباری و بارشوں سے جہاں درجنوں دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے وہیں بجلی و پانی نظام بھی متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سردیوں کے ایام میں بجلی کی غیر موجودگی میں لوگ تیل خاکی کا استعمال کرتے تھے لیکن پچھلے کئی ماہ سے سرکار نے تیل خاکی کی سپلائی بند کی ہے جسکے نتیجے میں لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سیاسی و سماجی کارکنوں نے صوبائی، ضلع و مقامی انتظامیہ سے تمام مشینری کو بروئے کار لاتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر پانی، بجلی و سڑک رابطوں کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے تیل خاکی، رسوئی گیس، ادویات و دیگر سہولیات کی فراہمی کی بھی مانگ کی ہے۔
 

گندوہ پولیس نے 6 گھنٹوں میں لاپتہ لڑکیوں کو بازیاب کیا 

اشتیاق ملک
ڈوڈہ //گندوہ پولیس نے گمشدہ ہونے کے چھ گھنٹے بعد ہی دو لڑکیوں کو بازیاب کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق رضیہ بانو (15) و رافیہ بانو (12) اپنے گھروں سے بدھ کے روز لاپتہ ہوئیں۔ ان کے رشتہ داروں نے گندوہ پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد ایس ایس پی ڈوڈہ و ایس ڈی پی او گندوہ کی زیر نگرانی پولیس ٹیم نے ایس ایچ او وکرم سنگھ کی قیادت میں تلاش شروع کیں اور چھ گھنٹوں کے اندر ہی دونوں لڑکیوں کو پل ڈوڈہ سے انچارج پولیس پوسٹ ایس آئی گورو شرما کی مدد سے بازیاب کرکے وارثین کے سپرد کیا گیا۔ عوام نے پولیس کی بروقت کارروائی کی ستائش کی ہے۔
 

 ڈوڈہ میں کورونا مزید ایک مثبت معاملہ

ٹیکہ کاری 6لاکھ 34ہزار سے متجاوز

اشتیاق ملک 
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں جمعرات کو کویڈ 19 کا صرف ایک مثبت معاملہ سامنے آیا ہے۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کو ڈوڈہ ضلع کے مختلف مقامات پر ہوئی کویڈ جانچ کے دوران صرف ایک شخص کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ اس طرح سے ضلع میں فعال کیسوں کی تعداد 56 و شفایاب ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد 7891 پہنچ گئی ہے۔ ضلع میں اب تک کویڈ 19 سے 137 افراد فوت ہوئے ہیں اور 634322 ٹیکے لگائے گئے ہیں۔ اس دوران ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ نے کویڈ 19 کے بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظر ضلع میں میں شام نو بجے سے صبح چھ بجے تک ایمرجنسی سروسز کے علاوہ دیگر ہر قسم کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی عائد کی ہے اور ایس ایس پی ڈوڈہ سے اس حکمنامہ کو زمینی سطح پر لاگو کرنے کی سفارش کی ہے۔
 
 
 

ضلع ہسپتال کشتواڑ میںمریض کے ساتھ مبینہ زیادتی کا معاملہ

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے معاملے کی تردید کی، کاروائی کی یقین دہانی

عاصف بٹ 
کشتواڑ//ضلع ہسپتال کشتواڑ میں زیرِعلاج ایک مریض کے والدین نے عملہ پر انکے ساتھ زیادتی کرنے کا الزام لگایا ہے۔تفصیلات کے مطابق سنگھپورہ کے ایک شخص نے بتایا کہ انھوں نے اپنے بچے کو علاج کے لئے ضلع ہسپتال میں داخل کرایا تھا جہاں انھیں بہتر علاج نہیں ملا،  جبکہ اسی وارڈ میں بھلیسہ سے تعلق رکھنے والے بچے کو ہسپتال عملہ کی لاپرواہی کے سبب غلط انجیکشن دیا گیا جسے لیکر اسنے آواز اٹھائی اور اس کے ساتھ ہسپتال کے ملازمین و ہسپتال میں تعینات عملے نے شدید مارپیٹ کی۔ اگر انتظامیہ غریب عوام کے لئے ہر ممکنہ مدد کی بات کرتی ہے لیکن ہسپتالوں کے اندر ملازمین ایسا رویہ اختیار کرتے ہیں جو ناقابل برداشت ہے۔انھوں نے اگرچہ اے ڈی سی و میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو اس معاملے کو لیکر بتایا لیکن انکی بات کو نہیں سنا گیا۔ انکا کہنا تھا کہ اگرایسا رویہ ہسپتال انتظامیہ کا رہا تو غریب لوگ گھروں میں علاج کو ہی ترجیح دے گے وہیں دیگر بیماروں نے بھی ہسپتال انتظامیہ پر لاپرواہی برتنے کا الزام لگایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کوئی بھی عملہ وقت پر ہسپتال میں دستیاب نہیں ہوتا جسے انھیں سخت مشکلات ہورہی ہے۔وہیں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ ابھی تک مریض کے تیماداروں نے ہسپتال عملہ کو اس معاملے کے متعلق آگاہ نہیں کیا ہے۔ یہ معاملہ بدھ کی رات دس بجے کے قریب پیش آیا۔اسکی مکمل جانچ کی جارہی ہے اور جو بھی ملوث پایا جائے گا اسکے خلاف کاروائی ہوگی۔
 

 

کشتواڑ میں منشیات فروش گرفتار، نشہ آور ادویات برآمد

عاصف بٹ 
کشتواڑ//کشتواڑ پولیس نے گزشتہ روز ایک منشیات فروش کو گرفتار کیا اور ممنوعہ ڈرگس کی 8 سٹرپس (104) گولیاں برآمد کیں۔تفصیلات کے مطابق گرودوارہ چوک کشتواڑ کے قریب انچارج پولیس پوسٹ ہڑیال دلیپ پریہار کی ٹیم نے ایک ناکہ لگایا اور چیکنگ کے دوران مشکوک حرکت پر ایک شخص کو روکا جو چیک پوائنٹ سے بھاگنے کی کوشش کر رہا تھا۔اس کی چیکنگ پر ممنوعہ سائیکو ٹراپک مادہ ٹراماڈول کی 5 سٹرپس (75گولیاں) اور کلویڈول-100 ایس آر کی 3 سٹرپس برآمد کی اور ملزم کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔ملزم کی شناخت سفیر علی ولد عنایت علی گنائی ساکنہ مالی پیٹھ کشتواڑ کے طور ہوئی۔ اس سلسلے میں پولیس نے پولیس تھانہ کشتواڑ میں این ڈی پی ایس کی متعلقہ دفعات کے ایک مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔