ڈیوٹی سے غیر مجاز غیر حاضری، بڈگام میں 22 ملازمین معطل

بڈگام//ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) بڈگام ایس ایف حامد نے جمعرات کو 22 ملازمین کو اپنی ڈیوٹی سے غیر مجاز طور پر غیر حاضر رہنے پر معطل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق، ملازمین کی ڈیوٹیوں پر حاضری اور دیگر کام کاج کا معائنہ کرنے کیلئے ڈپٹی کمشنربڈگام نے تحصیل دفتر بڈگام سمیت مختلف سرکاری دفاتر کا اچانک معائنہ کیا۔
تحصیل دفتر میں معائنہ کے دوران 20ملازمین ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے۔ اسی طرح گورنمنٹ پرائمری سکول پالر میں دو اساتذہ غیر مجاز طور پر اپنی ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے۔
غیر حاضر ملازمین کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا۔
ڈی سی نے تمام دفاتر میں 100 فیصد حاضری پر زور دیا اور تمام ملازمین کو ہدایت دی کہ وہ باقاعدگی سے اپنی ڈیوٹی پر حاضر رہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ملازمین کی ڈیوٹی سے غیر حاضری پر ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
اسی دوران ڈپٹی کمشنر نے دفاتر میں صفائی ستھرائی کا معائنہ بھی کیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ تمام سرکاری دفاتر کے اندر اور باہر صفائی ستھرائی کا مناسب انتظام کیا جائے۔