بارہمولہ//پولیس نے شمالی کشمیر میں نوکری کا جھانسہ دے کر لوٹنے والے ایک گروہ کا پردہ فاش کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
جموں وکشمیر پولیس نے ہفتہ کے روز کہا کہ شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے پٹن علاقے میں دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جو خود کو سیاسی کارکن ظاہر کرتے ہوئے، لوگوں کو سرکاری ملازمت فراہم کرنے کا دعویٰ کر کے بھاری رقم وصول کر رہے تھے۔
پولیس نے ایک بیان میں کہا، “11جنوری کو، پولیس کو اطلاع ملی کہ پٹن کے علاقے سے دو خود ساختہ سیاسی کارکن سرکاری ملازمت اورتقرری نامہ فراہم کرنے کا جھانسہ دے کر نوجوانوں سے بھاری رقومات وصول کر رہے ہیں”۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اطلاع ملتے ہی پولیس حرکت میں آگئی اور فوری طور پر پولیس تھانہ پٹن میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا،”تفتیش کے دوران، پولیس نے تمام تکنیکی اور انسانی ذہانت کو بروئے کار لاتے ہوئے بھرپور کوششوں کے بعد عبید نذیر صوفی اور محمد اقبال نامی دو ملزمان کو گرفتار کیا”۔
پولیس نے کہا کہ پوچھ گچھ کے دوران معلوم ہوا کہ یہ ’’گھپلے باز جموں وکشمیر پولیس میں نوکری دلانے کا جھانسہ دے کر عام لوگوں کو دھوکہ دے رہے تھے اور ان سے بھاری رقم لے رہے تھے‘‘۔
اُنہوں نے کہا ،”نوکری نہ ملنے پر رقومات واپس مانگنے پر وہ لوگوں کو دھمکیاں دیتے تھے۔ اس معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے‘‘۔