سری نگر -جموں قومی شاہراہ پر پیدا شدہ صورتحال کے پیش نظر فوج کی خدمات حاصل

جموں// سری نگر- جموں قومی شاہراہ کو کم سے کم وقت میں قابل آمد ورفت بنانے کے لئے فوج کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

بتادیں کہ شاہراہ پر موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں کئی مقامات پر بھاری بھر کم مٹی کے تودے گر آنے کی وجہ سینکڑوں کی تعداد میں ٹرکیں ، مسافر برداراور سیاحوں سے بھری گاڑیاں درماندہ ہوئی ہیں۔

معلوم ہوا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شاہراہ کو قابل آمدورفت بنانے کی خاطر اگر چہ ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کیا گیا ہے تاہم لگاتار بارشوں کے باعث اُنہیں دقتیں پیش آرہی ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ شاہراہ کو کم سے کم وقت میں قابل آمد و رفت بنانے کے لئے فوج کی خدمات حاصل کی گئی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ فوج کی شمالی کمان سے مدد طلب کی گئی ہے تاکہ پھنسے ہوئے لوگوں کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر متعدد گاڑیاں اور اُن میں سوار مسافر درماندہ ہیں جن کی مدد کی خاطر فوج کو طلب کیا گیا ہے۔

دریں اثنا ضلع انتظامیہ راجوری کا کہنا ہے کہ ضلع کے پہاڑی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کے باعث کئی گوجر بکروال کنبے پھنس کر رہ گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مذکورہ افراد کو محفوظ مقامات کی اور منتقل کرنے کی خاطر فوج کی مدد طلب کی گئی ہے۔

بتادیں کہ ٹنل کے آر پار موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں ندی نالوں میں بھیانک طغیانی آئی ہوئی ہے جس کے پیش نظر متعدد علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔