بیجنگ: چین کے صوبے گونگش میں مسافر بردار طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، طیارے میں 132 افراد سوار ہیں۔ جنوبی چین کے علاقے وانگ ڑی میں چائنہ ایسٹرن ایئرلائن کا بوئنگ 737 مسافر طیارہ گر گیا، طیارہ کونمینگ سے گوانگزو جارہا تھا کہ راستے میں حادثہ کا شکار ہوگیا۔ طیارہ گرنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں،طیارے میں 132 مسافر سوار تھے، تاہم اب تک ہلاک افراد اور زخمیوں کے بارے میں تاحال کوئی تصدیق نہیں کی گئی۔مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ طیارہ گرنے کے بعد گوانگشی میں پہاڑوں پر آگ لگنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔چین کے سول ایوی ایشن کے ادارے (سی اے اے) کا کہنا ہے کہ اس بوئنگ 737-800 طیارے پر 123 مسافر اور عملے کے نو افراد سوار تھے۔چینی صدر شی جن پنگ نے واقعے پر 'حیرانی' ظاہر کرتے ہوئے فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ چین کے سرکاری میڈیا سی سی ٹی وی کے مطابق صدر شی نے امدادی کارروائیوں کے علاوہ جلد از جلد حادثے کی وجہ معلوم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ایم یو 5735 نامی اس پرواز نے کونمینگ سے مقامی وقت ایک بج کر 11 منٹ پر اڑان بھری تھی اور اس نے تین بج کر پانچ منٹ پر گوانگزو پہنچنا تھا۔ٹریکر ویب سائٹس کے مطابق یہ بوئنگ 737-800 طیارہ سات سال پرانا تھا اور بوئنگ 737 میکس لائن کے بعد آنے والا ماڈل ہے۔ بوئنگ 737 میکس لائن وہ طیارہ ہے جو 2018 میں انڈونیشیا اور 2019 میں ایتھوپیا کے فضائی حادثوں میں ملوث تھا۔ چین نے ان حادثات کے بعد اس ماڈل کے طیارے پر پابندی لگا دی تھی۔