کنگن سڑک حادثہ میں 12 مسافر زخمی

سری نگر//جموں وکشمیر کے وسطی ضلع گاندربل کے کنگن علاقے میں دو گاڑیوں کے درمیان آپسی ٹکر کے نتیجے میں 12مسافر زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کے روز کنگن میں ٹاٹا سومو اور انوا کے درمیان زور دار ٹکر ہوئی جس وجہ سے بارہ مسافر خون میں لت پت ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ آس پاس موجود لوگوں نے زخمیوں کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا۔
زخمیوں کی شناخت ظہور احمد میر ولد شبیر احمد ساکن بونی باغ، دلشادہ بیگم زوجہ بادشاہ خان ساکن مامر ، رحمت نیازی ولد غلا م احمد ساکن خیام چوک سری نگر، شگفتہ قادر دختر غلام قادر ساکن چیر ون، سومو ڈرائیور شبیر احمد ولد غلام رسول ساکن ہاری گنون، ہادیا الطاف دختر محمد الطاف ساکن ہاری گنون، شافعیہ بیگم زوجہ غلام نبی ساکن ہاری گنون، مبارک احمد ساکن بونی گام، ہانزلہ ولد محمد الطاف ، ثاقب ولد شاہ نواز ساکن مامر ، برکت احمد گنائی کے بطور ہوئی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ زخمیوں میں سے سات کو مزید علاج ومعالجہ کی خاطر سری نگر ریفر کیا گیا۔
دریں اثنا پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ۔