بانڈی پورہ گاؤں میں گیس سلنڈر پھٹنے سے 1کی موت، 2زخمی

بانڈی پورہ//شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع کے کدارا گاؤں میں جمعرات کو ایک گھر میں رسوئی گیس سلنڈر دھماکے میں ایک شخص کی موت ہو گئی جبکہ دو دیگرزخمی ہو گئے،وہیں مکان کو بھی نقصان پہنچا۔
خبر رساں ادارے کشمیر نیوز آبزرور نے ایک عہدیدار کے حوالے سے بتایا کہ دھماکہ محمد شفیع کے گھر میں ہوا، جس کے نتیجے میں ایک 19سالہ نوجوان کی موقع پر ہی موت ہو گئی اور دو دیگر زخمی ہوگئے۔
ان کا کہنا تھا کہ واقعے میں مکان کو بھی نقصان پہنچا ہے۔عہدیدار نے بتایا کہ واقعے کے بعد زخمیوں کو علاج کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
انچارج بی ایم او بانڈی پورہ ڈاکٹر فیاض احمد نے بتایا کہ دو زخمی افراد کو پی ایچ سی چونٹی مولہ لایا گیا اور وہاں ان کا علاج کیا جارہا ہے۔
انہوں نے متوفی کی شناخت سجاد احمد خان ولد فیروز احمد خان (عمر19) کے طور پر کی ہے۔