۔77اور 103ویں ترمیم چیلنج کرنے والی عرضی دسہرہ کے بعد تفصیلی سماعت کی جائیگی:عدالت عظمیٰ

نیوز ڈیسک

نئی دہلی//سپریم کورٹ نے جمعہ کو عوامی نیشنل کانفرنس کے نائب صدر مظفر شاہ کی 2019 میںجموں و کشمیر میں 103ویں اور 77ویں آئینی ترامیم کی توسیع کو چیلنج کرنے والی ایک عرضی کی سماعت کی۔ 77ویں ترمیم درج فہرست ذات اور درج فہرست قبائل کے ارکان کو ترقیوں اور عوامی تقرریوں میں ریزرویشن فراہم کرتی ہے جبکہ 103 ویں ترمیم معاشی طور پر کمزور طبقات کے ممبروں کے لیے ریزرویشن سے متعلق ہے۔مظفر شاہ کی نمائندگی سابق مرکزی وزیر اور سپریم کورٹ کے سینئر ایڈووکیٹ سلمان خورشید نے کی جس کی معاونت سابق ڈپٹی ایڈووکیٹ جنرل، جموں و کشمیر سہیل ملک نے کی۔

 

سپریم کورٹ کے سامنے اپنی عرضی میں، شاہ نے صدر جمہوریہ ہند کی طرف سے ترمیم کی توسیع کو اس بنیاد پر چیلنج کیا تھا کہ یہ دفعہ370کی شق((1کی ذیلی شق(b) (ii)کی خلاف ورزی ہے کیونکہ مارچ2019میں دفعہ 370جموں کشمیر مین نافذ العمل تھا۔ کرشنا کمار کے معاملے میں سپریم کورٹ کے ذریعہ 2017کا قانون بھی وضع کیا گیا جس میں کہا گیا تھا کہ جب آئین کے دفعہ 123 کے تحت”فوری کارروائی”کی ضرورت ہو تو آرڈیننس جاری کیا جانا چاہیے۔ شاہ نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ آئینی اتھارٹی بالواسطہ وہ کام نہیں کر سکتی جو اسے براہ راست کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی آئینی شق ہے جو آئینی اتھارٹی کو ایکٹ کرنے سے روکتی ہے، تو ایسی شق کو کسی بھی قسم کی تخریب کاری کے ذریعے ختم کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی اوریہ واضح طور پر آئین کے ساتھ دھوکہ ہوگا۔ سلمان خورشید کے دلائل سننے کے بعد جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ اور ہیما کوہلی کی بنچ نے کہا کہ وہ اس معاملے کی اس وقت تفصیل سے سماعت کریں گے جب دفعہ 370 کی منسوخی کو چیلنج کرنے والی دیگر درخواستوں کی دسہرہ کے بعد سماعت کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ یہ مسئلہ کافی متنازعہ ہے کیونکہ یہ پٹیشن اس فیصلے کو چیلنج کرتی ہے جو آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنے سے پہلے لیا گیا تھا۔ عدالت عظمی کے بینچ نے کہا کہ اس معاملے کا براہ راست نتیجہ جموں کشمیرریزرویشن ترمیمی ایکٹ 2019 پر بھی پڑ سکتا ہے جس کے تحت ریزرویشن کا فائدہ بین الاقوامی سرحد کے قریب رہنے والے لوگوں تک پہنچایا گیا تھا۔ اس سے پہلے، یہ پسماندہ علاقوں اور اصل کنٹرول لائن کے قریب رہنے والے لوگوں تک محدود تھا۔