۔6ماہ بعد 18اضلاع میں کورونا متاثر کوئی نہیں ۔2اضلاع میں 8کیسز، کوئی فوتیدگی نہیں

پرویز احمد

سرینگر /پچھلے 6ماہ میں پہلی مرتبہ سوموار کو جموں و کشمیر کے 18اضلاع میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ دیگر 2اضلاع میں 8افراد کو مثبت قرار دیا گیا ہے۔ جموں و کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 4لاکھ79ہزار 84ہوگئی ہے۔ اس دوران مسلسل چھٹے دن بھی جموں و کشمیر میں کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 4785بنی ہوئی ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے فراہم کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر میںگذشتہ 24گھنٹوں کے دورن کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 4ہزار 238ٹیسٹ کئے گئے جن میں 8افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ مثبت قرار دئے گئے 8افراد میں جموں صوبے میں 1جبکہ دیگر 7افراد کو کشمیر میں مثبت قرار دیا گیا ہے۔ کشمیرصوبے کے 9اضلاع جن میں بارہمولہ، بڈگام، پلوامہ، اننت ناگ، بانڈی پورہ، کولگام، کپوارہ، شوپیان اور گاندربل میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ ضلع سرینگر میں7افراد کو مثبت قرار دیا گیا ہے۔ وادی میں متاثرین کی مجموعی تعداد 3لاکھ 5ہزار 120ہوگئی ہے۔ اس دوران وادی میں مسلسل 26ویں دن بھی کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 2433بنی ہوئی ہے۔ جموں صوبے کے 9اضلاع جن میں ضلع جموں، ادھمپور، راجوری، پونچھ ڈوڈہ، کٹھوعہ، کشتواڑ،سانبہ اور رام بن میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ ضلع ریاسی میں صرف ایک شخص کومثبت قرار دیا گیا ۔ جموں صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ73ہزار 964ہوگئی ہے۔ اس دوران جموں صوبے میں مسلسل چھٹے دن بھی کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 2352ہوگئی ہے۔