۔5دنوں سے جل شکتی عارضی ملازمین کی ہڑتال نوشہرہ کے اکثر دیہات میں پانی کا سپلائی نظام مکمل ٹھپ

رمیش کیسر

نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن میں محکمہ جل شکتی میں عارضی بنیادوں پر کام کرنے والے ملازمین نے اپنی کام چھوڑ ہڑتال گزشتہ 5دنوں سے مسلسل جاری ہے جس کی وجہ سے سب ڈویژن کے اکثر دیہات میں پانی کا سپلائی نظام مکمل ٹھپ ہو کررہ گیا ہے ۔محکمہ کے عارضی ملازمین گزشتہ پانچ دنوں سے مستقلی کیساتھ ساتھ دیگر مانگوں کو لے کر احتجاج کررہے ہیں ۔احتجاج کررہے ملازمین نے متعلقہ حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گزشتہ کئی برسوں سے وہ محکمہ میں عارضی بنیادوں پراپنی خدمات انجام دے رہے ہیں لیکن جموں وکشمیر انتظامیہ کیساتھ ساتھ محکمہ کے اعلیٰ حکام کی جانب سے نہ توان کی مشکلات کو کم کیاجارہا ہے اور نہ ہی ان کو مستقل کرنے میں کوئی دلچسپی لی جارہی ہے ۔دوسری جانب ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے نوشہرہ سب ڈویژ ن کے متعدد دیہات میں واٹر سپلائی سکیمیں سوکھ گئی ہیں اور پانی کا بحران پیدا ہو گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ عارضی ملازمین کی مانگوںکو پورا کیا جائے تاکہ عوام کو پینے کا صاف پانی سپلائی کیا جاسکے ۔

 

منڈی تحصیل میں نصب متعدد ہینڈ پمپ خراب
لوگ متاثر ،متعلقہ محکمہ سے مشینری کی مرمت کا مطالبہ
عشرت حسین بٹ
منڈی// تحصیل منڈی میں عوامی مشکلات کو کم کرنے اور ان کو صاف پانی فراہم کرنے کیلئے نصب کئے گئے کئی ہینڈ پمپ ناکارہ ہو گئے ہیں جسکی وجہ سے عام لوگوں کو پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔محکمہ جل شکتی اور مرکزی سکیموں کے تحت منڈی تحصیل کے متعدد علاقوں میں ہینڈپمپ لگائے گئے تھے جو اب محکمہ جل شکتی کی عدم توجہی کی وجہ سے ناکارہ ہو گئے ہیں ۔ تحصیل منڈی میں متعدد علاقہ جات ایسے ہیں جن میں عوام کو پینے کے صاف پانی کی قلت کا سامنا رہتا ہے اگرچہ سرکار کی جانب سے ان علاقہ میں رہ رہے لوگوں کیلئے پانی کے ہینڈ پمپ لگائے گئے تھے مگر کچھ ہی عرصہ گزر جانے کے بعد متعدد پمپ ناکرہ ہوگئے ہیں اور ان میں اب پانی نہیں آتا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس حوالے سے تحصیل کے علاقہ کھیت سے تعلق رکھنے والے محمد بشیر ولد محمد افضل نامی شخص نے کشمیر عظمی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ جل شکتی اور مرکزی آب سکیم کی جانب سے ان کے علاقہ میں پانی کی کمی ہونے کی وجہ سے ہینڈ پمپ نصب کئے تھے اور انہیں ان سے کافی فائدہ حاصل ہوتا تھا مگر کافی عرصہ گزر جانے کے بعد اب مذکورہ پمپ خراب ہو گئے ہیں جنہیں محکمہ کی طرف سے ٹھیک نہیں کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں پینے کے لئے دریاوں سے پانی حاصل کرنا پڑتا ہے جس کیلئے انہیں میلوں پیدل سفر کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اور بھی تحصیل کے دوسرے علاقہ جات ہیں جن میں بھی محکمہ کی عدم توجوہی کی وجہ سے یہ ہینڈ پمپ خراب ہوگئے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے انہوں نے متعدد بار محکمہ ملازمین و آفیسران سے بھی رجوع کیا لیکن اس جانب کوئی دھیاں ہی نہیں دیاجارہا ہے ۔مقامی معززین نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ناکارہ ہینڈ پمپوں کی جلدازجلد مرمت کروائی جائے تاکہ عوامی مشکلات کم ہوسکیں ۔