۔5جی اسپیکٹرم کی نیلامی ختم کمپنیوں نے 150173 کروڑ روپے میں 51236 میگا ہرٹز اسپیکٹرم خریدے

نئی دہلی// اس سال اکتوبر کے آخر تک ملک میں 5 جی خدمات کو شروع کرنے کے مقصد سے ہونے والی اسپیکٹرم کی نیلامی کے کل ختم ہونے کے ساتھ ہی کمپنیوں نے 150173 کروڑ روپے میں 51236 میگا ہرٹز اسپیکٹرم خریدے ہیں۔یہ اطلاع کل شام 5 بجے نیلامی کا عمل مکمل ہونے کے بعد مواصلات، الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے دی۔ انہوں نے کہا کہ اس نیلامی میں خاص طور پر چار کمپنیوں نے حصہ لیا اور ان چاروں نے مل کر 150173 کروڑ روپے کے 51236 میگا ہرٹز اسپیکٹرم خریدے ہیں۔

 

یہ کمپنیاں سال 13365 کروڑ روپے ٹیکس ادا کریں گی۔انہوں نے کہا کہ اس میں اڈانی ڈیٹا نیٹ ورک، بھارتی ایئرٹیل، ریلائنس جیو اور ووڈافون آئیڈیا سیلولر شامل ہیں۔ریلائنس جیو نے 88078 کروڑ روپے میں 24740 میگا ہرٹز اسپیکٹرم لیا ہے ۔ بھارتی ایئرٹیل نے 19867 میگا ہرٹز اسپیکٹرم 48088 کروڑ روپے میں لیا، ووڈافون آئیڈیا سیلولر نے 18799 کروڑ روپے میں 6228 میگا ہرٹز سپیکٹرم لیا اور اڈانی ڈیٹا نیٹ ورک نے 212 کروڑ روپے میں 400 میگاہرٹز اسپیکٹرم لیا۔انہوں نے کہا کہ 10 اگست سے پہلے اسپیکٹرم الاٹ کر دیا جائے گا اور اس سال اکتوبر تک ملک میں 5G خدمات شروع ہونے کا امکان ہے ۔وزیر نے کہا کہ کل ملاکر 72098 میگا ہرٹز اسپیکٹرم نیلامی کے لیے پیش کیا گیا تھا، جن میں سے کمپنیوں نے تقریباً 70 فیصد اسپیکٹرم کے لیے بولیاں لگائی ہیں۔ اس میں سب سے زیادہ 80590 کروڑ روپے 3300 میگا ہرٹز بینڈ میں اسپیکٹرم کی نیلامی سے حاصل ہوئے ہیں۔