۔36ویں قومی کھیلوں کیلئے دستہ جھنڈی دکھا کر روانہ انتظامیہ کھیلوں کی سہولیات کو بہتر بنانے کیلئے کوشاں:مشیر بٹھناگر

جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بٹھناگر نے اس سال 27 ستمبر سے 10 اکتوبر تک گجرات میں منعقد ہونے والے 36 ویں قومی کھیلوں کیلئے جموں و کشمیر کے کھلاڑیوں کے ایک دستے کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا ۔ یہاں کنونشن سنٹر میں منعقدہ تقریب میں مشیر نے اس بات پر زور دیا کہ یہ کھیل سات سال کے طویل عرصے کے بعد منعقد ہو رہے ہیں اور یہ جموں و کشمیر کے کھلاڑیوں کو قومی سطح پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کا ایک بہت زیادہ انتظار کا موقع فراہم کرنے جا رہے ہیں ۔

 

اسپورٹس کمیونٹی کو تعاون کا یقین دلاتے ہوئے مشیر نے کہا کہ مائی یوتھ مائی پرائیڈ کے تحت تقریباً 35 لاکھ نوجوانوں کو کھیلوں کی سرگرمیوں میں شامل کرنے کا مقصد ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد اپنے کھلاڑیوں کو بہترین کوچنگ فراہم کرنا ہے ۔ مشیر نے اس بات پر زور دیا کہ لفٹینٹ گورنر منوج سنہا کی قیادت میں یو ٹی انتظامیہ یو ٹی میں کھیلوں کی سہولیات کو بہتر بنانے میں بڑی پیش رفت کر رہی ہے ۔ مشیر نے مزید کہا کہ ان کا وژن پنچائت سے لیکر یو ٹی سطح تک کھیلوں کی بہترین سہولیات فراہم کرنا ہے ۔اپنے وژن کا اشتراک کرتے ہوئے مشیر نے کہا ’’ ہمارا مقصد جے اینڈ کے کو کھیلوں کے مختلف شعبوں میں اعلیٰ صلاحیت کے حامل کھلاڑیوں کا گھر بنانا ہے اور مستقبل قریب میں قومی اور بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کیلئے ایک ترجیحی منزل ہے ۔ ‘‘ مشیر بٹھناگر نے یو ٹی میں کھیلوں کی صلاحیت کو فروغ دینے میں کھیلوں کی انجمنوں کے کردار پر بھی روشنی ڈالی ۔ جموں و کشمیر اسپورٹس کونسل کے سیکرٹری نزہت گل نے بتایا کہ اس سال جموں و کشمیر سے 14 دستے حصہ لے رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئی اسپورٹس پالیسی کے تحت تمغہ جیتنے والوں کو نقد انعامات بھی دئیے جائیں گے ۔ اس موقع پر جموں میونسپل کارپوریشن کے مئیر چندر موہن گپتا ، جموں زون کے اے ڈی جی پی مکیش سنگھ ، ڈائریکٹر یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس سبھاش چھِبر اور سپورٹس ایسوسی ایشن کے مختلف ممبران اور سپورٹس باڈیز کت عہدیدار بھی موجود تھے ۔ تقریب کی میزبانی چیف اکاؤنٹ آفیسر جے اینڈ کے اسپورٹس کونسل ظفر اقبال نے کی ۔