۔3سے 6اپریل تک غیر موافق موسم کی پیشگوئی  | شاہراہ 6گھنٹوں کے بعد ٹریفک کیلئے بحال

اشفاق سعید +محمد تسکین
سرینگر +بانہال//محکمہ موسمیات نے کہا کہ ہفتہ کو جموں و کشمیر کے کئی حصوں میں بارش ہوئی، جس سے دن کے درجہ حرارت میںمزید کمی آئی اور اگلے ہفتے کے اوائل سے بارشوں کے موسم کا ایک اور سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کہا کہ مغربی ہوائوں کا ایک مرحلہ جموں و کشمیر کو 3 اپریل سے 6 اپریل تک متاثر کرے گا جس کی وجہ سے کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی اور وقفے وقفے سے بارش ہوگی۔انہوں نے کہا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقوں بشمول سرینگر اور جموں میں ہفتہ کی صبح سے بارش ہوئی۔لوٹس نے کہا کہ شام تک موسم ایسا ہی رہا اور درجہ حرارت تقریباً پانچ سے چھ ڈگری گرگیا۔ انہوں نے کہا کہ اتوار کو کچھ مہلت راحت ملے گی اور موسم میں بہتری آئے گی۔ “لیکن، شام کے وقت کچھ مقامات پر بارش کا امکان ہے۔” ڈائریکٹر نے کہا کہ اونچی جگہوں پر برف باری ہو سکتی ہے، تاہم، بھاری بارش/برفباری کی کوئی پیش گوئی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ 6 اپریل تک موسم غیر موافق رہے گا جس کے بعد اس میں بہتری آئے گی اور درجہ حرارت میں بھی اضافہ ہوگا۔ادھرجموں سرینگر شاہراہ کوبانہال کے نزدیک روم پڑی کے علاقے میں جمعہ کی رات سے بند شاہراہ کو کم از کم چھ گھنٹوں کے بعد ہفتے کی صبح آٹھ بجے دوبارہ بحال کیا گیا ۔ ہفتے کی صبح آٹھ بجے شاہراہ کی بحالی کے بعد رات سے درماندہ ٹرکوں کو اور بعد میں مسافر گاڑیوں کو دونوں طرف سے چلنے کی اجازت دی گئی اور ہزاروں کی تعداد میں مسافر اور مال گاڑیوں نے اپنی اپنی منزلوں کا سفر کیا۔گذشتہ رات کے دو بجے سے ہفتے کی صبح آٹھ بجے تک شاہراہ بانہال کے نزدیک روم پڑی کے علاقے میں پتھروں اور مٹی کے تودے گر آنے کیوجہ سے ٹریفک کی نقل و حرکت کیلئے بند کی گئی۔ تاہم تعمیراتی کمپنی کی مشینری کی مدد سے ملبے اور پتھروں کو صاف کرنے کے بعد ٹریفک کو ہفتے کی صبح آٹھ بجے سے دوبارہ بحال کیا گیا