۔2ملوث ملی ٹینٹوں کی شناخت کر لی گئی:ڈی جی شوپیان میں انکائونٹر،سرگرم ملی ٹینٹ کا مکان تباہ،3بھائی گرفتار، جائیداد قرق کرنیکی کارروائی شروع

شاہد ٹاک

شوپیان // پولیس نے کہا ہے کہ ژھوٹی گام میں16 اگست کو صبح تقریباً 11 بجے دو ملی ٹینٹوںنے سنیل کمار بھٹ ولد سری جی بھٹ کو گولی مار کر ہلاک کر دیا اور اس کے چچیرے بھائی پرتیمبر ناتھ ولد ارجن ناتھ بھٹ کو ان کے میوہ باغ میں زخمی کر دیا۔ مذکورہ بالا دہشت گردانہ کارروائی کے نتیجے میں، مقدمہ ایف آئی آر نمبر 153/2022 پولیس تھانہ شوپیان میں درج کیا گیا اور تفتیشی عمل شروع کیاگیا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران، ایک سرگرم ملی ٹینٹ عادل احمد وانی ولد محمد خلیل وانی ساکن کٹپورہ کی نشاندہی سامنے آئی۔ پولیس بیان کے مطابق عادل وانی کی اس کے آبائی گھر کٹ پورہ میں موجودگی کے بارے میںاطلاع موصول ہوئی اورپولیس، 34 آر آر اور 178 بٹالین سی آر پی ایف نے 17 اگست کی صبح علاقے میںتلاشی کارروائی شروع کی۔ تلاشی کے دوران دہشت گردوں نے سرچ پارٹی پر دستی بم پھینکا جس پر سرچ پارٹی نے جوابی کارروائی کی۔ تاہم دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔

 

بعد میں، سیکورٹی فورسز کو گھر کی چھت پر ایک ٹھکانا ملا جہاں سے اسلحہ اور گولہ بارود (ایک اے کے رائفل کے ساتھ ایک میگزین اور ایک پستول بھی ملا)۔ نتیجتاً، اس دہشت گردی کی کارروائی پر، ایک علیحدہ ایف آئی آر نمبر/2022 154 درج کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران تین افراد عارف احمد وانی،شبیر احمد وانی اور توصیف احمد وانی پسران محمد خلیل وانی کو گرفتار کیا گیا۔ مذکورہ معاملے میں دہشت گردوں کو پناہ دینے کے الزام میںکارروائی کے طور پر جائیداد کی قرق کی کارروائی شروع کی گئی ہے۔ادھر مقامی لوگوں نے بتایا کہ مکان کو تباہ کیا گیا اور ملی ٹینٹ کے تین بھائیوں کو گرفتار کیا گیا۔مذکورہ معاملات کی مزید تفتیش جاری ہے اور ایس آئی ٹی تشکیل دی گئی ہے۔ادھر پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے بدھ کو کہا کہ شوپیاں میں گزشتہ روز ایک کشمیری پنڈت کے قتل میں ملوث دو افراد کی شناخت کر لی گئی ہے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

 

منگل کو پہلگام سڑک حادثے میں ہلاک آئی ٹی بی پی جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے منعقد تقریب کے موقع پرڈی جی پی نے کہا کہ لوگوں نے جموں و کشمیر میں مثبت تبدیلیوں کی حمایت کی ہے، جو امن دشمن عناصر کے لیے موزوں نہیں، اور وہ اب امن کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ڈی جی پی نے کہا،’’لوگوں نے 5اور 15اگست کی تقریبات کی پرامن صورتحال قابل تعریف تھی اور لوگوں نے ہر ممکن طریقے سے امراناتھ یاترا کی حمایت کی، جو امن مخالف عناصر کے لیے موزوں نہیں تھی۔ وہ امن میں خلل ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن ان کی کوششوں کو مستقبل میں بھی ناکام بنایا جا ئے گا’’۔شوپیاں قتل کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ملوث دو افراد کی شناخت کر لی گئی ہے جبکہ مزید کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور سخت کارروائی کی جائے گی۔