۔2اسکولوں کے5 اساتذہ معطل | ڈیوٹی سے غیرحاضررہنے کا الزام

 

عاصف بٹ

کشتواڑ//ضلع انتظامیہ کشتواڑ نے ڈیوٹی سے غیر حاضررہنے کی پاداش میں 5سرکاری اساتذہ کو معطل کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ضلع انتظامیہ کشتواڑ ڈاکٹر دیونش یادو کی جانب سے جاری حکمناموں میں بتایا گیا کہ ڈی ڈی سی ممبر ناگسینی نے ہیلو کشتواڑ کے ذریعے بتایا کہ گورنمٹ مڈل اسکول کھلسن بہاٹہ دوسرے روز بھی بند پایاگیا۔تحصیلدار ناگسینی کی جانب سے دی گئی رپورٹ میں بتایاگیا کہ اسکول میں صفائی کرنے والے کے علاوہ کوئی استاد حاضر نہیں پایاگیاجس پر اسکول میں تعینات دو اساتذہ بھارت بھوشن اور سنجے کمار کو معطل کردیاجاتاہے ۔

 

مذکورہ اساتذہ کو اے ڈی ڈی سی دفترکے ساتھ منسلک کیا گیا اور انکے خلاف تحقیقات کے احکامات جاری کئے گئے۔وہیں تعلیمی زون اندروال کے تحت ہائی اسکول گورینال میں تعینات تین اساتذہ کو معطل کیاگیا۔حکمنامے میں بتایا گیاکہ بی ڈی او اندروال نے اسکول کا معائنہ کیا جس دوران اسکول میں تعینات تین اساتذہ ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے جن کے نام شوکت علی، ردوانہ بانو وانی و جبینہ بانو میر ڈیوٹی سے غیرحاضر پائے گئے۔انہیں بھی اے ڈی ڈی سی دفتر کے ساتھ منسلک کیا گیا اورپندرہ روز میں رپورٹ جمع کرنے کو کہاگیا۔