۔17سالہ نا بالغ لڑکی سے جنسی زیادتی بڈگام کا درندہ صفت شخص گرفتار

 ارشاد احمد

بڈگام//بڈگام پولیس نے 48گھنٹوں کے اندر 17سالہ لڑکی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے والے ایک درندہ صفت شخص کو گرفتار کیا ۔ پولیس کے مطابق13 اگست کو سوئیہ بگ پولیس چوکی پر ریاض احمد خان ولد راجو خان ساکن لکھیم پورہ کیری بہار، جو آج کل وہاب پورہ میں موجود اینٹ بھٹہ نمبر P-71 پر اپنے اہل خانہ سمیت مزدوری کرتا ہے کی جانب سے تحریری شکایت موصول ہوئی کہ اس کی 17 سالہ بہن 12 اگست کی صبح چاربجے سے لاپتہ ہوگئی ہے۔

 

شکایت کنندہ نے اپنی شکایات میں کہا کہ اس کی بہن کو لیاقت علی ڈار ولد محمد جعفر ساکن وہاب پورہ بڈگام نامی شخص نے اغوا کرکے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا ہے۔شکایت موصول ہونے پر پولیس اسٹیشن بڈگام میں کیس زیر نمبر 275/2022 درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ۔پولیس نے کہا کہ چونکہ ملزم روپوش تھا لہٰذا پولیس نے مقامی ذرائع سے حاصل شدہ معلومات کو باریک بینی سے کھنگالا اور سوئیہ بگ پولیس نے سخت کوششوں کے بعد فرار ملزم کو وڈون بڈگام سے گرفتار کر لیا ۔اس موقعہ پر اغوا شدہ لڑکی کی طبی جانچ بھی کی گئی۔