۔120انفنٹری رابطہ سڑک کھڈوں میں تبدیل | محکمہ اور ٹھیکیدار پر لاپرواہی کا الزام ،لوگ پریشان

جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر بھمبر گلی رابطہ سڑک سے کوٹاں علاقہ سے نکلنے والی 120انفنٹری سڑک آہستہ آہستہ نا قابل استعمال ہو تی جارہی ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کی آمد ورفت بھی متاثر ہو گئی ہے ۔مکینوں نے تعمیر اتی ایجنسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ لگ بھگ 15کلو میٹر رابطہ سڑک کو لوگوں کیلئے معیاری بنانے کی جانب توجہ ہی نہیں دی جارہی ہے جس کی وجہ سے بارشوں میں مذکورہ سڑک پر سفر کرنا انتہائی مشکل ہو جاتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سڑک کے ابتدائی 8کلو میٹر علاقہ میں محکمہ پی ایم جی ایس وائی کی جانب سے تار کول بچھائی گئی تھی تاہم باقی 3.5کلو میٹر علاقہ محکمہ پی ڈبلیو ڈی کے پاس ہے جس میں سے 1کلو میٹر سڑک پر ٹھیکیدار کی جانب سے بجری بچھا کر مٹی ڈال دی گئی جس پر اب سفر کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ باقی 2.5کلو میٹر سڑک کا کام ہی نہیں کیا جارہا ہے جو کہ اب کھڈوں میں تبدیل ہو کر رہ گئی ہے ۔مقامی سرپنچ نیاز خان نے محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ محکمہ پی ڈبلیو ڈی اور ٹھیکیدار کی آپسی ملی بھگت کی وجہ سے رابطہ سڑک کی مرمت نہیں کی جارہی ہے ۔پنچایتی اراکین و مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ٹھیکیدار کا لائسنس منسوخ کر کے رابطہ سڑک کی مرمت کے سلسلہ میں متبادل اقدامات اٹھائے جائیں ۔