۔108ایمبولنس سروس سے3سال میں 61097حاملہ خواتین مستفید ۔ 759نے ایمبولنس گاڑیوں میں بچوں کو جنم دیا

 پرویز احمد

سرینگر // گذشتہ 3سال کے دوران جموں و کشمیر میں مفت ایمبولنس سروس 108سے ابتک 61ہزار 97حاملہ خواتین مستفید ہوئی ہیں۔جن میں 759خواتین نے ایمبولنس گاڑیوں میں ہی بچوں کو جنم دیا ۔ان میں 631جموں جبکہ 128خواتین کشمیر صوبے سے تعلق رکھتی تھیں۔ 108ایمبولنس سروسز کے جنرل منیجر آپریشنز جموں و کشمیر مشتاق احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ 108مفت ایمبولنس سروس نے 24مارچ سال 2020کو عالمی وباء کے دوران جموں و کشمیر میں کام شروع کیا اور 24مارچ 2023کو 3سال ہوچکے ہیں ‘‘۔ مشتاق احمد نے بتایا کہ اس مدت کے دوران قریب ایک لاکھ سے زائد مریضوں کو مفت سروسز فراہم کرکے گھروں سے اسپتال اور واپسی پر گھر چھوڑا گیا ‘‘ ۔

 

مشتاق نے بتایا کہ مفت خدمات کا فائدہ اٹھانے والے ایک لاکھ سے زائدافراد میں 61ہزار 96حاملہ خواتین تھیں۔۔ انہوں نے کہا کہ ایمبولنس گاڑیوں میںبچوں کو جنم دینے والی 759خواتین میں 128کا تعلق وادی سے تھا۔ جن میں اننت ناگ میں 6، بانڈی پورہ میں 19، بارہمولہ میں 15، بڈگام میں 11،گاندربل میں 21، کولگام میں 15، کپوارہ میں 22، پلوامہ میں 6، شوپیان میں 7 جبکہ سرینگرمیں 6خواتین شامل ہیں۔جموں صوبے میں مفت ایمبولنس سروسز میں بچوں کو جنم دینے والی 631خواتین میں ڈوڈہ میں 61، جموں میں 64، کٹھوعہ میں 83، کشتواڑ میں 52، پونچھ میں 10، راجورہ میں 60، رام بن میں 58، ریاسی میں 45، سانبہ میں 31 اور ادھمپور میں سب سے زیادہ 167خواتین شامل ہیں۔ ادھر جمعرات کو محکمہ صحت نے بہرین ایمبولنس سروسز فراہم کرنے اور صوفی گنڈ آری پل کی ایک خاتون کی ایمبرجنسی ڈیلوری کرانے کیلئے ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشین عمر طارق اور گاڑی کے ڈرائیور رویندر سنگھ کو اسناد سے نوازا ہے۔