۔100بستروں والی اضافی عمارت کی تعمیر 6برسوں سے التوا کا شکار | نوشہرہ سب ڈویژن کے مریضوں کو دقتوں کا سامنا ،محکمہ ٹس سے مس نہیں

رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن میں ہسپتال کی اضافی عمارت کی تعمیر گزشتہ 6برسوں سے مکمل ہی نہیں ہو پارہی ہے جس کی وجہ سے مریضوں کی مشکلات جوں کی توں ہی ہیں ۔مقامی لوگوں نے تعمیر اتی ایجنسی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ 6برس قبل نوشہرہ میں 100بستروں والے ہسپتال کی اضافی عمارت کی تعمیر کا عمل شروع کیا گیا تھا لیکن اس کو مکمل کرنے میں کوئی دلچسپی ہی نہیں لی جارہی ہے جس کی وجہ سے عام لوگ آج بھی مقامی ہسپتال میں گنجائش کم ہو نے کی وجہ سے دیگر ہسپتالوں میں دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سب ڈسٹر کٹ ہسپتال سے منسلک اضافی عمارت کی تعمیر کی منظوری کے بعد سب ڈویژن کی عوام میں ایک امید پیدا ہوئی تھی تاہم حکام کی لاپرواہی اور انتہائی غیر سنجیدگی کی وجہ سے گزشتہ کئی برسوں سے مذکورہ عمارت کو مکمل ہی نہیں کیاجارہا ہے ۔

غور طلب ہے کہ کانگریس کے دوران حکومت میں مرکزی وزیر صحت غلام نبی آزاد کی جانب سے سندر بنی اور نوشہرہ میں سو بسترو ں والے ہسپتالوں کے قیام کے سلسلہ میں عملی اقدامات اٹھائے گئے تھے لیکن اس کے بعد مذکورہ عمارت کی تعمیر کا عمل تو شروع کیا گیا لیکن اس کو مکمل کرنے میں متعلقہ شعبہ پوری طرح سے ناکام رہا ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ہسپتال کی عمارت کو جلدازجلد مکمل کروانے کیلئے متعلقہ تعمیراتی شعبہ کو ہدایت جاری کی جائیں جبکہ غیر ضروری طورپر کی جارہی تاخیر کا بھی سنجیدہ نوٹس لیا جائے ۔