یکم اکتوبر کووزیر داخلہ کے بڑے اعلانات ممکن: رویندر رینہ ریلی کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے راجوری، پونچھ میں میٹنگوں کا سلسلہ جاری

سمت بھارگو
راجوری//بھارتیہ جنتا پارٹی کے جموں و کشمیر کے صدر رویندر رینہ نے پیر کو کہا کہ اس بات کے بہت زیادہ امکانات ہیں کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ یکم اکتوبر کو راجوری میں اپنے خطاب کے دوران کوئی بڑا اعلان کر سکتے ہیں۔وہ پیر کو راجوری میں وزیر داخلہ کے یکم اکتوبر کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے منعقد کی گئی کچھ میٹنگوں کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ ’’یہ ایک بڑی پیش رفت ہے کہ مرکزی وزیر داخلہ نے جموں و کشمیر میں اپنے دورے کے لئے سرحدی ضلع راجوری اور راجوری اور پونچھ کے سرحدی علاقے کا انتخاب کیا ہے اور یہ ظاہر کرتا ہے کہ بی جے پی حکومت سرحدوں پر رہنے والے لوگوں کیلئے خصوصی جگہ رکھتی ہے‘‘۔

’ رینہ نے پہاڑیوں کے لئے ایس ٹی کی حیثیت کا اشارہ دیتے ہوئے کہا’اس بات کے بہت زیادہ امکانات ہیں کہ وزیر داخلہ راجوری میں پہلی اکتوبر کی ریلی کے اسٹیج سے کچھ بڑے اعلانات کریں گے اور سبھی ان اعلانات کا انتظار کر رہے ہیں۔انہوں نے راجوری کے نوشہرہ علاقے میں وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے 2017 کے دورے کا بھی ذکر کیا جہاں انہوں نے ایل او سی کے ساتھ واقع دیہاتوں میں حفاظتی بنکروں کی تعمیر کے پائلٹ پروجیکٹ کا اعلان کیا جو ایل او سی پر لوگوں کی زندگیوں کے تحفظ کے لئے اپنی نوعیت کا پہلا فیصلہ تھا۔قبل ازیں بی جے پی صدر رویندر رینہ نے ڈاک بنگلہ راجوری کے کانفرنس ہال میں بی جے پی کیڈر کی میٹنگ کی جس میں جموں و کشمیر کے بی جے پی جنرل سکریٹری وبود گپتا، بی جے پی ضلع صدر راجندر گپتا، ضلع نوشہرہ انچارج دنیش شرما،،سابق رکن اسمبلی چودھری طالب حسین، سابق وزیر عبدالغنی کوہلی سمیت ضلع بھر کے پارٹی لیڈران نے شرکت کی۔

اس میٹنگ میں یکم اکتوبر کو مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی ریلی کے انعقاد کے انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور پارٹی کے ضلع صدر کی سفارش پر تشکیل دی گئی ٹیموں کو فرائض سونپے گئے۔رینہ نے پارٹی کیڈر پر زور دیا کہ وہ وزیر داخلہ کی اس ریلی کو کامیاب بنانے کے لیے زمین پر انتھک کام کریں۔بعد ازاں پہاڑی ٹرائب ایس ٹی فورم کی ایک اور میٹنگ ڈاک بنگلہ میں منعقد ہوئی جس میں فورم کے ممبران نے شرکت کی جنہوں نے بی جے پی قیادت کو یقین دلایا کہ وہ وزیر داخلہ کی ریلی کو تمام پہلوؤں سے کامیاب بنانے کے لئے بھرپور کوشش کریں گے۔