یوم اساتذہ سپیشل

اُستاد کے نام
اُستاد تیرے دم سے رونق جہان کی ہے
تیری بقا سے عظمت پیرو جوان کی ہے
اُستاد تیرے دم سے رونق جہان کی ہے

تیری ہی درس گاہ نے ہے آدمی سنوارا
انسانیت کو تُونے ہر دم دیا سہارا
تُونے ہی بحر و بر کے اسرار سارے کھولے
تُونے ہی کہکشاں میں انسان کو اُتارا
تیری ہر ایک کوشش اُونچی اُڑان کی ہے
اُستاد تیرے دم سے رونق جہان کی ہے

علم وادب کے مرکز تُونے ہی تو سجائے
صحراؤں میں ہزاروں تُو نے ہی گُل کھلائے
راز حیات تُونے اقوام کو بتائے
ڈوبے ہوئے سفینے ساحل پہ جا لگائے
آقاﷺ نے تیری عظمت خودہی بیان کی ہے
اُستاد تیرے دم سے رونق جہان کی ہے
اللہ نے تجھ کو بخشی ہے شانِِ امتیازی
تُوانبیا کا وارث ہندی ہے یا حجازی
ہوں کُتب آسمانی یا فلسفہ یونانی
اُستاد ہی کے ہاتھوں سب کی ہے سرفرازی
تفسیرِ تجھ سے باقی کون و مکان کی ہے
اُستاد تیرے دم سے رونق جہان کی ہے

آجا کہ پھر جہاں کو ہے انتظار تیرا
کب ختم ہوگا تجھ بن اس دور کا اندھیرا
مہمیز دینا پھر سے انسانی کارواں کو
ہو امن و آشتی میں انسان کا بسیرا
تیرے بِنا کیا وُقعت اس خاکدان کی ہے
اُستاد تیرے دم سے رونق جہان کی ہے
تیری بقا سے عظمت پیرو و جوان کی ہے

خورشیدبسمل ؔ
تھنہ منڈی راجوری
موبائل نمبر؛9622045323

اُستاد
رہنما، دوست، معمار اُستاد ہے
قوم و ملت کو در کار اُستاد ہے
منزلوں سے کیا جس نے ہے آشنا
در حقیقت وہ سالار اُستاد ہے
زندگی کو نکلا ہے ظلمات سے
ماہ ہ انجم سے ضوبار اُستاد ہے
ماں سے بڑھ کر کیا پیار اطفال کو
شفقتوں کا وہ گلزار اُستاد ہے
توڑ ڈالا جہالت کی زنجیر کو
علم کی ڈھال تلوار اُستاد ہے
قوم کو خوابِ غفلت سے بیدار کیا
نورِ باطن کا مینار اُستاد ہے
درسِ اخلاص اب مکتبوں میں نہیں
قوم سے آج بیزار اُستاد ہے

جاوید عارفؔؔ
پہنو شوپیان کشمیر
موبائل نمبر؛7006800298

یوم اساتذہ

ملے ہے علم کی دولت
کرو اُستاد کی عزت
سکھائیں فن بھی جینے کا
کہ جن سے پائے ہیں عظمت
ملے اُستاد ہیں مشفق
خدا کی خاص ہے رحمت
پڑھائی دل لگا کر کی
جہاں میں پائی ہے شہرت
پانچ ستمبر ہے آیا
دن ہے اُستاد کی رفعت
تہذیبیؔ ، ہیں خوش وہ بچے
جو پائیں سایۂ رحمت

شکیل احمد تہذیبیؔ
مالیگاؤں ، مہاراشٹرا
موبائل نمبر؛9145139913