یاری پورہ کولگام میں مہلک بیماری پھوٹ پڑی ہیپٹائٹس سے 5سالہ بچی فوت،6زیر علاج، 92افرادکے نمونے حاصل

پرویز احمد

سرینگر //یاری پورہ کولگام کے ترکہ تاچھلو گائوں میں نامعلوم مہلک بیماری پھیلنے سے ایک 5سالہ بچی کی جان گئی ہے جبکہ دیگر 6مشتبہ افراد زیر علاج ہیں۔ بلاک میڈیکل آفیسر یاری پورہ ڈاکٹر نگہت نصرین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’جمعرات کوجے وی سی میں 5سالہ بچی مائرہ گلزارHapititusکی وجہ سے فوت ہوگئی ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ بچی کو چند دن قبل جے وی سی منتقل کیا گیا تھا جہاں جمعرات دیر رات گئے اسکی موت ہوگئی ۔ ڈاکٹر نگہت نے کہا کہ Hapititusکی تشخیص کیلئے علاقے کے 92افراد کے نمونے حاصل کر لئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ Hapititusپھیلنے کی وجوہات کا پتہ لگانے کیلئے نہ صرف لوگوں کے خون کے نمونے حاصل کئے گئے ہیں بلکہ علاقے کو سپلائی ہونے والیے پانی کے نمونے بھی حاصل کئے گئے ہیں۔ ضلع مانیٹرینگ آفیسر نثار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ایک بچی کی موت ہوئی ہے جبکہ 6افراد ابھی زیر علاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زیر علاج 6افراد میں 3خواتین اور 3مرد شامل ہیں۔ نثار احمد نے بتایا کہ متاثرہ علاقے کے لوگوں کے تشخیصی رپورٹ آئندہ 2دنوں کے اندر اندر آنے کی اُمید ہے اور اس سے صورتحال واضح ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تشخیصی رپورٹ سے ہی معلوم ہوگا کہ علاقے میں Hapititus A, Hapititus B یا HapititusC پھیل رہا ہے۔