ہند- سری لنکا کے درمیان گرڈ کنیکٹیویٹی 2030تک مکمل ہوگی

کولمبو// سری لنکا نے منگل کو کہا کہ اس کے ملک اور ہندوستان کے درمیان ایس ایل-آئی این ڈی- گرڈ کنیکٹیویٹی – گرڈ لنک کو2030 تک مکمل کرلیاجائے گا۔ سری لنکا کے وزیر توانائی چندن وجیسیکرا نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ عالمی بینک حکومت کے زیر انتظام سیلون الیکٹرسٹی بورڈ (سی ای بی) کی تکنیکی ضروریات اور کاروباری ماڈل کو سمجھنے میں مدد کر رہا ہے ۔

 

مسٹر وجیسیکرا نے ورلڈ بینک کے علاقائی انٹیگریشن کے ڈائریکٹر سیسل فرومن اور کنٹری منیجر چیو کانڈا سے ملاقات کے ایک دن بعد یہ ٹویٹ کیا۔سال 2022 میں، سری لنکا اور ہندوستان نے اپنے متعلقہ پاور سسٹم کو جوڑنے کے لیے ایک اوور-دی واٹر کیبل کے حق میں سب میرین کیبل کے پہلے منصوبے کو ترک کر دیا۔واضح رہے کہ 1970 کی دہائی سے ہندوستان اور سری لنکا کے پاور گرڈ کو جوڑنے کی بات ہو رہی ہے ۔

 

مدورائی سے انورادھا پورہ تک 50 کلومیٹر زیر سمندر کیبلنگ کے ساتھ 285 کلومیٹر ہائی وولٹیج ڈائریکٹ کرنٹ لنک پہلے کے ڈیزائن کا حصہ ہے ۔ دونوں ممالک کے درمیان 500 میگاواٹ کا شارٹ ٹرم لنک اور 1000 میگاواٹ کا میڈیم اور لانگ ٹرم لنک جنریٹ ہوگا۔