ہندی ساہتیہ منڈل اور کامرس کالج جموں کا کثیر لسانی مزاحیہ مشاعرہ

جموں//آزادی کا امرت مہاتسو کے تحت ہندی ساہتیہ منڈل اور گورنمنٹ ایس پی ایم آر کالج آف کامرس جموں کے اشتراک سے کامرس کالج کے سمارٹ کلاس روم میں ایک کثیر لسانی مزاحیہ مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا۔ اس مشاعرہ کا مقصد عوام اور بالخصوص طلبا میں ماردی زبانوں کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔ اس مشاعرہ کی صدارت ڈاکٹر نرمل ونود نے کی جبکہ نظامت کے فرائض پروفیسر عرفان عارف نے انجام دیے۔ مشاعرہ کے آغاز سے پہلے راکیش ابرول نے اپنی تحریک کے مقاصد پیش کیے اور پھرڈاکٹر چنچل ڈوگرہ صدر ہندی ساہتیہ منڈل نے استقبالیہ خطبہ پیش کیا۔اس کے بعد شعراء ، شاعرات اور طلبا نے اردو، ہندی، پنجابی، گوجری ، ڈوگرہ اور پہاڑی زبانوں میں اپنے اپنے مزاحیہ کلام سے سامعین کو محظوظ کیا۔ جن شعراء ، شاعرات اور طلبا نے اس مشاعرہ میں اپنا کلام پیش کیا ان میں امین بانہالی ، ڈاکٹر نرمل ونود ، ڈاکٹر پون کجوریہ، جلال الدین فانی، نسیم اختر، ممتاز احمد، مقصود احمد، جنگ ایس ورمن، منٹو دتا،چندر آدھے شرما، بلجیت سنگھ رینہ، ایم ایس کامرا،ڈاکٹر دیپک پٹھانیہ ، ریاض احمد ، تجندر کور کے نام شامل ہیں۔ اپنے صدارتی تاثرات پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر نرمل ونود نے کہا کہ آج کے اس دور میں مزاحیہ کلام لکھنا پڑھنا سننا ہی سب سے بڑا کمال ہے اور اس سے بڑا کمال یہ ہے کہ ہمارے بچوں نے جس جوش و خذبے سے شاعروں کو داد دی اس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ ان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے۔