ہندوستان کے 38میڈیکل کالجوں کی منظوری ختم

نئی دہلی//نیشنل میڈیکل کمیشن (این ایم سی) ملک بھر کے میڈیکل کالجوں میں ہو رہی لاپروائی کے خلاف سخت قدم اٹھا رہی ہے۔ ملک بھر میں کم از کم 38 میڈیکل کالجوں کی منظوری ختم کی جا چکی ہے اور تقریباً 100 میڈیکل کالجوں کے خلاف نوٹس جاری کر خامیوں کو ٹھیک کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کئی میڈیکل کالجوں میں ملازمین کے ذریعہ بایومیٹرک سسٹم پر حاضری درج نہیں کرنے سے لے کر کالج کے سیکورٹی نظام میں خامی تک پائی گئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق میڈیکل کالجوں میں ملازمین اور ڈاکٹروں کی کمی کو دور کرنے کے لیے نیشنل میڈیکل کمیشن کی طرف سے سخت فیصلے لیے جا رہے ہیں۔ جانچ کے دوران 38 میڈیکل کالجوں میں ملازمین کی لاپروائی اور سیکورٹی نظام میں بڑی گڑبڑی پائی گئی جس کے بعد ان کی منظوری ختم کر دی گئی۔ ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تمل ناڈو، گجرات، آسام، پنجاب، آندھرا پردیش، پڈوچیری اور مغربی بنگال کے کئی میڈیکل کالجوں میں خامیاں دیکھنے کو ملی ہیں اس لیے نوٹس جاری کیا گیا ہے۔