ہندوستان اور پاکستان 15دنوں میں تین مرتبہ ہوں گے آمنے سامنے

نئی دلی/ ایشین کرکٹ کاونسل نے ٹوینٹی20ایشیا کپ کا شیڈول جاری کردیا ہے ۔ مین راونڈ کے مقابلے 27 اگست سے شروع ہوں گے، جو گیارہ ستمبر تک چلیں گے ۔ اس میں چھ ٹیموں کو دو گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ ہندوستان اور پاکستان ایک ہی گروپ میں ہیں ۔ دونوں کے درمیان 28 اگست کو میچ دبئی میں کھیلا جائے گا ۔ ایک گروپ میں ہندوستان ، پاکستان اور کوالیفائر ٹیم کو جگہ دی گئی ہے ۔ وہیں دوسرے گروپ میں بنگلہ دیش ، افغانستان اور سری لنکا کو جگہ ملی ہے ۔ گروپ راونڈ میں سبھی ٹیموں کو دو میچ کھیلنے کو ملیں گے ۔ اس کے بعد دونوں گروپ کی ٹاپ ٹو ٹیمیں سپر فور میں جائیں گی ۔ شیڈیول اور ریکارڈ کے حساب سے ہندوستان اور پاکستان کا سپرفور میں جانا طے ہے ۔ یہاں ہر ٹیم کو تینوں مخالف ٹیموں سے میچ کھیلنا ہوگا ۔ یعنی یہاں بھی ہندوستان اور پاکستان کا میچ ہوگا ۔ پچھلے سال یو اے ای میں ہوئے ٹوئنٹی 20ورلڈ میں پاکستان نے ٹیم انڈیا کو 10 وکٹوں سے کراری شکست دی تھی، ایسے میں ہندوستانی ٹیم بدلہ لینے کیلئے اترے گی ۔ٹوئنٹی20ایشیا کپ میں سبھی ٹیمیں اپنے بڑے کھلاڑیوں کے ساتھ اتریں گی۔ اس کی وجہ اس سال اکتوبر و نومبر میں آسٹریلیا میں ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہونا ہے۔

 

ایسے میں کوئی بھی ٹیم کوئی کسر نہیں چھوڑنا چاہئے ۔ سپر 4کی ٹاپ 2 ٹیموں کے درمیان فائنل 11اگست کو کھیلا جائے گا۔ ایسے میں اگر ہندوستان اور پاکستان ٹاپ-2 میں رہتے ہیں تو ایک مرتبہ پھر خطابی مقابلہ ہوگا۔ ایسے میں 28اگست سے 11 ستمبر کے درمیان یعنی 15 دنوں میں دونوں کے درمیان 3 مقابلے ہو سکتے ہیں۔ بابر اعظم کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے آخری ٹی ٹوینٹی میچ میں ہندوستان کو شکست دی تھی۔ تو اس کے حوصلے بلند ہیں۔ حالانکہ ایشیا کپ میں ان کا ریکارڈ اچھا نہیں ہے۔ ایسے میں ٹیم انڈیا اپنی پرانی تاریخ کو یہاں دہرانا چاہے گی۔ ٹوئنٹی 20انٹرنیشنل کے ریکارڈ پر نظر ڈالیں تو ہندوستان کا پلڑا روایتی حریف پاکستان پر بھاری ہے۔ دونوں کے درمیان اب تک 9 ٹی ٹوینٹی میچز کھیلے جا چکے ہیں۔ ٹیم انڈیا 7 میچ جیتنے میں کامیاب رہی ہے۔ دوسری جانب پاکستان کی ٹیم صرف 2 میچ جیتنے میں کامیاب رہی ہے۔ یعنی دونوں کے درمیان ایک طویل فاصلہ ہے۔ گزشتہ 5 ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں کی بات کریں تو ہندوستان نے 4 جبکہ پاکستان نے ایک میچ جیتا ہے۔ ایشیا کپ ون ڈے اور ٹوینٹی 20دونوں فارمیٹس میں کھیلا گیا ہے۔ ون ڈے فارمیٹ کی بات کریں تو ٹیم انڈیا نے سب سے زیادہ مرتبہ ٹائٹل جیتا ہے جب کہ پاکستان کی ٹیم نے صرف 2 مرتبہ یہ ٹائٹل جیتا ہے۔ ٹی ٹوینٹی فارمیٹ میں اب تک ایک مرتبہ ایشیا کپ 2016 میں منعقد ہوا ہے۔ یہاں بھی ہندوستانی ٹیم خطاب جیتنے میں کامیاب رہی۔ فائنل میں ہندوستان نے بنگلہ دیش کو شکست دی تھی۔ ایسے میں روہت شرما ہندوستانی ٹیم کے شاندار ریکارڈ کو برقرار رکھنا چاہیں گے۔