ہندوستان اورامریکہ نے دفاعی صنعت میں تعاون کیلئے روڈ میپ کو حتمی شکل دی

 یو این آئی

نئی دہلی//ہندوستان اور امریکہ نے دفاعی صنعت کے شعبے میں تعاون کو بڑھانے کے لئے ایک روڈ میپ کو حتمی شکل دی ہے جو اگلے چند برسوں تک اس سمت میں رہنمائی کرے گا۔وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے پیر کو یہاں دو طرفہ میٹنگ کی جس میں اس حوالے سے اتفاق ہوا۔ آسٹن دو روزہ دورے پر اتوار کو یہاں پہنچے تھے۔

 

 

ملاقات کے بعد وزارت دفاع نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ دونوں فریقوں کے درمیان ملاقات گرمجوشی اور خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ دونوں اطراف نے بات چیت کے دوران دوطرفہ تعاون سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس کا بنیادی زور صنعتی شعبے میں تعاون بڑھانے کے طریقوں کی نشاندہی کرنا تھا۔دونوں وزراء نے ایک مضبوط سپلائی چین بنانے کے طریقے تلاش کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں فریقوں نے مشترکہ طور پر نئی ٹیکنالوجیز تیار کرنے اور موجودہ و نئے نظاموں کی مشترکہ پیداوار کے مواقع کا پتہ لگانے پر بھی بات کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے دفاعی شعبے کے اسٹارٹ اپس کے درمیان تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی بات کی۔ ان تمام اہداف کو حاصل کرنے کے لیے، انہوں نے ہند-امریکہ دفاعی صنعتی تعاون کے لیے ایک روڈ میپ کو حتمی شکل دی جو اگلے چند برسوں تک اس سمت میں راہنمائی کرے گا۔دوطرفہ ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے کثیر جہتی دوطرفہ دفاعی تعاون کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور رابطے کے عمل کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے دفاعی شعبے میں مصنوعی ذہانت اور’ڈیفنس اسپیس’ کے بارے میں حالیہ مذاکرات کا بھی خیر مقدم کیا۔ ہند-بحرالکاہل خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے باہمی مفادات کے پیش نظر انہوں نے علاقائی سلامتی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انل چوہان، ڈیفنس سکریٹری گردھر ارمانے، چیئرمین ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن ڈاکٹر سمیر وی کامت اور وزارت دفاع کے سینئر افسران نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔