ہندوستان امن کوششوں میں تعاون کیلئے تیار مودی کی یوکرینی صدر سے فون پر بات

نئی دہلی//یو این آئی// وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی سے فون پر بات کی اور کہا کہ ہندوستان جنگ زدہ روس-یوکرین کے درمیان امن کی کسی بھی کوشش میں تعاون کرنے کے لیے تیار ہے ۔دونوں رہنماؤں نے یوکرین اور روس کے درمیان جاری تصادم پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہاں تنازع جلد ختم ہونا چاہیے اور تنازع کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ تنازع کا فوجی حل نہیں ہو سکتا اور ہندوستان دونوں ممالک کے درمیان امن کی کسی بھی کوشش میں تعاون کرنے کے لیے تیار ہے ۔وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قانون اور تمام ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان یوکرین سمیت ہر جگہ جوہری تنصیبات کی حفاظت کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان اداروں کو خطرہ دور رس نتائج کا حامل ہو سکتا ہے ۔دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون کے مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔