ہندوستانی عوام ایک دوسرے سے نفرت کرنے میں یقین نہیں رکھتے :راہل گاندھی

نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ لوگوں کا ایک گروپ ہے جو یہ سمجھتا ہے کہ وہ “خدا” سے زیادہ جانتے ہیں اور وزیر اعظم ایک “نمونہ” ہیں۔ انہوں نے منگل کو امریکہ کے سان فرانسسکو میں ہندوستانی تارکین وطن کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ’ہمارے پاس ہندوستان میں لوگوں کا ایک گروپ ہے جو اس بات پر پورا یقین رکھتا ہے کہ وہ سب کچھ جانتے ہیں۔ وہ سوچتے ہیں کہ ہوسکتا ہے وہ خدا سے زیادہ جانتے ہیں۔

 

 

ہمارے وزیر اعظم بھی ایسا ہی ایک نمونہ ہیں‘‘۔راہل نے کہاکہ’ہمارے پاس لوگوں کا ایک گروپ ہے جو سوچتے ہیں کہ وہ سب کچھ سمجھتے ہیں۔ وہ سائنسدان سے بات کر سکتے ہیں اور ان کو سائنس کی وضاحت کر سکتے ہیں، وہ مورخین سے بات کر سکتے ہیں اور تاریخ کی وضاحت کر سکتے ہیں، وہ فوج کو ‘جنگ کے طریقہ کار’ کے بارے میں بتاسکتے ہیں۔ وہ درحقیقت کچھ بھی نہیں سمجھتے ‘۔’بھارت جوڑو یاترا‘کرنے کی ضرورت کا حوالہ دیتے ہوئے راہل گاندھی نے کہاکہ وہ تمام آلات جن کی ہندوستان میں سیاست کرنے کی ضرورت تھی، وہ بی جے پی-آر ایس ایس کے کنٹرول میں ہیں۔ لوگوں کو دھمکیاں دی جاتی ہیں، ان کے خلاف مقدمات درج کیے جا رہے ہیں‘۔انہوںنے سرکاری نظام پر حملہ کرتے ہوئے کہاکہ ’آپ نفرت کو نفرت سے نہیں کاٹ سکتے ۔ آپ نفرت کو صرف پیار سے ہی کاٹ سکتے ہیں۔ ہندوستانی لوگ ایک دوسرے سے نفرت کرنے میں یقین نہیں رکھتے ۔ لیکن، نظام کو کنٹرول کرنے والے لوگوں کا ایک چھوٹا گروہ نفرت کے شعلے بھڑکارہا ہے ‘۔یواین آئی