ہمارا ورثہ ہماری شناخت ہی نہیں بلکہ ہمارے ماضی کو مستقبل جوڑتاہے لیفٹیننٹ گورنر نے مُبارک مندی جموں ہیرٹیج سوسائٹی کی گورننگ باڈی میٹنگ کی صدارت کی

مبارک منڈی روایت اور انمول سماجی اقدار کی علامت ،تحفظ کاری کو حقیقی تاریخی ، فنکارانہ او رجمالیاتی اقدار کی عکاسی کرنی چاہئے:سنہا

 

جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے راج بھون میں مُبارک منڈی جموں ہیر ٹیج سوسائٹی کی گورننگ باڈی میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں مُبارک منڈی کمپلیکس کی بحالی، کاموں اور منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد سے متعلق کئی اہم اَمور پر تبادلہ خیال ہوا۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ ہر ممکن اقدام کریں تاکہ اِس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ تحفظ کے جاری منصوبوں کو مقررہ مدت کے اَندر مکمل کیا جائے۔

 

اُنہوں نے کہا کہ ہمارا ورثہ نہ صرف ہمار ی شناخت ہے بلکہ یہ ہمارے ماضی کو آنے والی پود سے بھی جوڑتا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ مُبارک منڈی ہماری وراثت میں ملی روایات اور اَنمول سماجی اَقدار کی علامت ہے ۔ تحفظ کی کوششوں کو اس کی حقیقی تاریخی ، فن کارانہ اور جمالیاتی اَقدار کی عکاسی کرنی چاہیے۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَفسران کو مشورہ دیا کہ وہ مُبارک منڈی ائیریا کے نیچے سرکلر روڈ کے ساتھ پہاڑی کی مضبوطی کے لئے تحفظ کے اعلیٰ ماہرین ، اِنجینئرنگ اور اِداروں کے ساتھ مربوط اَنداز میں کام کریں۔میٹنگ میں دو ماہ میں پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے قیام کا بھی فیصلہ لیا گیا ۔ چیئر کو مبارک منڈی کمپلیکس میں ہیر ٹیج سوسائٹی کے زیر اہتمام مختلف سرگرمیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔اَفسران کو ہدایت جاری کی گئی کہ وہ ہیر ٹیج کمپلیکس میں بحال کی گئی چار عمارتوں کو مکمل طور پر اِستعمال کریں۔ اِس کے علاوہ اِس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کسی کو بھی اِس نازک ڈھانچے کے قریب جانے کی اِجازت نہ دی جائے جس کی بحالی جاری ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے آرکیالوجیکل سروے آف اِنڈیا کی طرف سے کئے جارہے کاموں کی صورتحال کے بارے میں بھی دریافت کیا۔اِس موقعہ پر چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، پرنسپل سیکرٹری پبلک ورکس ( آر اینڈ بی ) محکمہ شیلندر کمار ، اِنتظامی سیکرٹری محکمہ سیاحت سرمد حفیظ ، صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار، سیکرٹری جی اے دی ڈاکر پیوش سنگلا، ضلع ترقیاتی کمشنر جموں اونی لواسا ، مبارک منڈی جموں ہیر ٹیج سوسائٹی کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر محترمہ دیپکا کے شرما کے علاوہ دیگر متعلقہ اَفسران بھی موجود تھے۔